علیل نواز شریف کا ہائیکورٹ میں درخواست ضمانت

   

اسلام آباد ۔ 20 مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستان کے سابق وزیراعظم نواز شریف جو اس وقت جیل کی سزاء کاٹ رہے ہیں، نے اسلام آباد ہائیکورٹ میں ایک بار پھر خرابیٔ صحت کی بنیاد پر ضمانت پر رہا کئے جانے کی درخواست داخل کی ہے۔ یاد رہیکہ سپریم کورٹ نے جاریہ ماہ 69 سالہ نواز شریف کی اس درخواست کو مسترد کردیا تھا جس میں انہوں نے مستقل ضمانت دیئے جانے کی خواہش کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ طبی اساس پر انہیں بیرون ملک علاج کرنے کی بھی اجازت دی جائے لیکن سپریم کورٹ نے ان کی درخواست مسترد کردی تھی جس کے بعد 7 مئی کو نواز شریف کوٹ لکھپت جیل واپس آ گئے تھے۔ قبل ازیں انہیں طبی بنیادوں پر ہی چھ ہفتوں کیلئے ضمانت پر رہا کیا گیا تھا جس کے اختتام کے بعد انہیں جیل واپس ہونا پڑا تھا۔ ایکسپریس ٹریبون کے مطابق نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے نواز شریف کی صحت سے متعلق سوئٹزرلینڈ، امریکہ اور برطانیہ کے ماہر ڈاکٹروں کی رائے پر مبنی رپورٹس کی نقل بھی درخواست ضمانت کے ساتھ منسلک کی تھی۔ ڈاکٹروں کا کہنا ہیکہ اس وقت نواز شریف کی حالت تشویشناک ہے۔ ان کے جسم میں شوگر کی سطح بھی کافی بڑھی ہوئی ہے۔