عمران خان کیخلاف فوجداری کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور

   

اسلام آباد : سابق وزیر اعظم اور پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کے خلاف فوجداری کارروائی کیلئے الیکشن کمیشن کی درخواست منظور کرلی گئی۔ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد میں ایڈیشنل سیشن جج ظفر اقبال نے توشہ خانہ کیس میں تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں کہا گیا ہے کہ عمران خان کی جانب سے اثاثوں میں توشہ خانہ تحائف چھپائے گئے ، بادی النظر میں عمران خان کا جمع کرایا گیا ڈکلیئریشن غلط ہے۔فیصلے میں کہا گیا ہے کہ بادی النظر میں عمران خان نے گوشواروں میں تحائف کی تفصیلات ظاہر نہیں کیں، سابق وزیر اعظم نے تحفوں کی فروخت سے حاصل رقم کی تفصیلات بھی ظاہر نہیں کیں۔ڈسٹرکٹ سیشن عدالت اسلام آباد کے فیصلے میں کہا گیا کہ عمران خان الیکشن ایکٹ کی دفعہ 174 کیخلاف ورزی کے مرتکب ہوئے، سابق وزیر اعظم کے خلاف شکایت کو باقاعدہ سماعت کیلئے منظور کیا جاتا ہے۔تحریری فیصلے میں کہا گیا ہے کہ عمران خان 9 جنوری کو ٹرائل کے لیے ذاتی حیثیت میں پیش ہوں۔