عمران کے الزامات پر انکوائری کمیشن کا اعلان

   

اسلام آباد : حکومت نے سابق وزیراعظم عمران خان کی جانب سے ان کے خلاف بیرونی سازش کے الزام پر انکوائری کمیشن بنانے کا اعلان کیا ہے۔ وفاقی وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ انکوائری کمیشن غیرجانبدار ہوگا اور اس کا ایسا سربراہ مقرر کیا جائے گا جس پر سازشی ٹولہ بھی سوال نہیں اٹھا سکے گا۔‘مریم اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ’ انکوائری کمیشن منصفانہ طور پر فیصلہ کرے گا جس کے بعد ملک کو جھوٹی سیاست کے لیے استعمال کرنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘انہوں نے کہا کہ ’اس انکوائری کمیشن کے ٹی او آرز کابینہ کے اگلے اجلاس کے سامنے رکھے جائیں گے۔ کابینہ ٹی او آرز کی منظوری دے گی‘واضح رہے کہ پاکستان کے سابق وزیراعظم عمران خان نے متعدد بار یہ الزام دہرایا کہ ان کی حکومت کے خاتمے کے لیے غیرملکی سازش ہوئی اور اس سازش میں اس وقت کی اپوزیشن کے اہم رہنما شریک تھے۔دوسری جانب تحریک انصاف کے رہنما نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم اس کمیشن کو مسترد کرتے ہیں۔‘انہوں نے کہا کہ ’حکومت کے ماتحت کسی بھی کمیشن کو پہلے ہی مسترد کر چکے ہیں۔