زائرین کیلئے فوڈ واؤچر کا لزوم۔ سعودی حکومت کی نئی پالیسی متعارف
ریاض 7 اگست (سیاست نیوز) سعودی عرب نے ہندوستان، پاکستان، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین کے لئے نئی پالیسی متعارف کرائی ہے جس کے سبب عمرہ کرنا مزید مہنگا ہوجائے گا۔ تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کی حکومت نے ہندوستان، پاکستان، مصر اور بنگلہ دیش سے آنے والے عمرہ زائرین کے لئے نسک فوڈ واؤچر لازمی قرار دینے کا اعلان کیا جس کی رقم عمرہ ویزا کی مجموعی فیس میں ہی شامل کی جائے گی۔ یہ نئی پالیسی یکم ربیع الاول سے باقاعدہ نافذ العمل ہوگی۔ نئے نظام کے تحت سبھی عمرہ کرنے والوں کے لئے روزانہ تقریباً 20 سعودی ریال کھانے کی مد میں ادا کرنا لازم ہوگا جو ویزا پروسیسنگ کے وقت خود بخود شامل کردیئے جائیں گے۔ لازمی ووچر شامل ہونے کی وجہ سے عمرہ پیاکیج کی مجموعی قیمت میں بھی اضافہ متوقع ہے۔ ہندوستان سمیت تمام ممالک کے ٹراویل ایجنٹس نے اس اضافی خرچ کے پیش نظر اپنے عمرہ پیاکیج کی قیمتوں پر نظرثانی شروع کردی ہے۔ سعودی حکام نے عمرہ انتظامات کو جدید اور آسان بنانے کے لئے ہوٹل کی بکنگ، ٹرانسپورٹ، کھانے اور دیگر سہولتوں کو نسک ڈیجیٹل پلیٹ فارم کے ساتھ جوڑ دیا ہے جس کے تحت مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ کے تقریباً 10 ہزار رجسٹرڈ ریسٹورنٹس کو اس ڈیجیٹل پلیٹ فارم کا حصہ بنایا گیا ہے۔ ہر زائر کو اس کے ویزے کے ساتھ ایک خصوصی کوڈ فراہم کیا جائے گا جسے دکھاکر وہ ان رجسٹرڈ ریسٹورنٹس سے اپنے طے شدہ معیار کے مطابق کھانا حاصل کرسکیں گے۔ سعودی حکام کا کہنا ہے کہ اس اقدام کا بنیادی مقصد عمرہ کرنے والوں کو معیاری اور حفظان صحت کے اُصولوں کے مطابق کھانے کی فراہمی یقینی بنانا، سرویس کے معیار کو بہتر بنانا اور غیر رجسٹرڈ و غیر معیاری کیٹرنگ سروسیز کا خاتمہ کرنا ہے۔