عنقریب نیا بلدی قانون ،جائیداد ٹیکس پر نظر ثانی کا اشارہ

   

حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( آئی این این ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے ایوان اسمبلی میں علی الحساب بجٹ پر بحث کے درمیان کہا کہ صرف بچوں کی پیدائش کے وقت ہی ذات / طبقات کے سرٹیفیکٹس جاری کئے جائیں کیوں کہ ذاتیں / طبقات کسی تبدیل کے بغیر اپنے حقیقی موقف پر ہی برقرار رہتے ہیں ۔ اس طرح چیف منسٹر نے صداقت نامہ آمدنی کی اجرائی کے طریقہ کار کو بھی غلط قرار دیا ۔ کے سی آر نے بینکوں کی طرف سے قرض کی اجرائی کے موقع پر کسانوں کے پٹہ دار پاس بکس رکھ لینے کے طریقہ کار پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ ان مسائل کو حل اور خامیوں کو دور کیا جائے گا ۔ کے سی آر نے کہا کہ بہت جلد ایک نیا بلدی قانون وضع کیا جائے گا ۔ جس کے ذریعہ صداقت نامہ پیدائش ، طبقات آمدنی کی اجرائی کو آسان بنایا جائے گا ۔ علاوہ ازیں جائیداد ٹیکس پر بھی بہت جلد نظر ثانی کی جائے گی ۔۔
کسانوں کو حکومت کی طرف سے 10,000 روپئے کی امداد : کے سی آر
حیدرآباد ۔ 23 ۔ فروری : ( پی ٹی آئی ) : چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آج اسمبلی میں اعلان کیا کہ ان کی حکومت کسانوں کو اپنی طرف سے بطور مالی امداد 10,000 روپئے ادا کرے گی اور مرکز کی کسان سمان ندھی اسکیم ان کسانوں کے لیے اضافی فائدہ ہوگی ۔ کے سی آر نے واضح طور پر اعلان کیا کہ ’ یہ ( کسان سمان ندھی ) 100 فیصد اضافی فائدہ ہے ، جس سے ہمارا کوئی تعلق نہیں ہے ۔۔