عوامی شکایات پر فوری کارروائی کی جائے : ڈی آئی جی

   

نظام آباد۔ 5جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) باسر زون۔2 کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) آر۔ بھاسکرن نے نظام آباد پولیس کمشنریٹ میں زون کے تحت آنے والے نظام آباد، نرمل، عادل آباد اور جگتیال اضلاع کے اعلیٰ پولیس عہدیداروں کے ساتھ جائزہ اجلاس منعقد کیا۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی نے جرائم پر مؤثر کنٹرول، مضبوط انٹیلی جنس و نگرانی کے نظام، عوام دوست اور نمایاں پولیسنگ (Visible Policing)، سائبر جرائم کی روک تھام اور منشیات کے مکمل خاتمے کے لیے مسلسل اور مؤثر اقدامات کرنے کی ہدایت دی۔ آر بھاسکرن نے امن و امان، زیر التوا مقدمات کی جلد یکسوئی، خواتین اور بچوں کے تحفظ، ٹریفک نظم و نسق، کمیونٹی پولیسنگ، وارنٹس پر عمل درآمد، روڈی شیٹرز اور ہسٹری شیٹرز کی کڑی نگرانی کا تفصیلی جائزہ لیا۔ انہوں نے ہدایت دی کہ عوامی شکایات پر فوری اور شفاف کارروائی کرتے ہوئے متاثرین کو بروقت انصاف فراہم کیا جائے۔ڈی آئی جی۔ آر۔ بھاسکرن نے جدید ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کے ذریعے سائبر جرائم کی روک تھام، خواتین و بچوں سے متعلق مقدمات کی تیز رفتار تحقیقات اور منشیات کی اسمگلنگ و فروخت کے خلاف سخت کارروائی کے ساتھ نوجوانوں میں بیداری مہم چلانے پر بھی زور دیا۔اجلاس میں نظام آباد کے پولیس کمشنر پی۔ سائی چیتنیا، نرمل کی ایس پی ڈاکٹر جی۔ جانکی شرمیلا، عادل آباد کے ایس پی اخل مہاجن، جگتیال کے ایس پی اشوک کمار، ایڈیشنل ایس پیز، اے سی پیز، سرکل انسپکٹرس، ریزرو ونگ کے افسران اور دیگر اعلیٰ پولیس عہدیداروں نے شرکت کی۔