عوامی نمائندے توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کریں : کووند

   

بہار کو 2047ء تک ملک کی سرکردہ ریاست بنانے کی تاکید ۔ اسمبلی بھون کی صدسالہ تقریب سے خطاب

پٹنہ : صدر جمہوریہ رامناتھ کووند نے عوامی نمائندوں کو اپنے طرز عمل کے ذریعہ عوامی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہنے کی نصیحتکے ساتھآج کہا کہ انہیں یقین ہے کہ رکن اسمبلی سماجی لعنتوں سے پاک، اعزاز اور احترام سے بھر پور بہار کی تعمیر کا عزم نافذ کرنے کے لئے مسلسل کوشش کریں گے جس سے بہار 2047تک انسانی ترقی کے پیمانہ پر ایک سرکردہ ریاست بن سکے گا۔کووند نے جمعرات کو یہاں بہار اسمبلی بھون کیصدسالہ تقریب سے بطور مہمان خصوصی خطاب کیا اور کہاکہ ریاست کے عوام تمام عوامی نمائندوں کو اپنی قسمت کا خالق سمجھتے ہیں اور انکی امیدیں اور توقعات آپ سب پر منحصر ہیں۔ تمام اہل ون وطن میں جن میں بہار کے باشندے بھی شامل ہیں،اپنے بہتر مستقبل کی تڑپ نظر آتی ہے ۔ مجھے امید ہے کہ آپ تمام اراکین اسمبلی اپنے طرز عمل سے عوام کی توقعات کو پورا کرنے کی کوشش کرتے رہیں گے ۔صدر نے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ آج سب نے سماجی لعنتوں سے پاک اور وردانوں سے لیس اور احترام سے پر بہار کی تعمیر کے لئے عزم مہم شروع کی ہے ۔ ان کی خواہش ہے کہ تمام اراکین اسمبلی آج اس ایوان میں کئے گئے عزائم کو نافذ کریں اور بہار کو ایک محفوظ، مہذب اور ترقی یافتہ ریاست بنانے کے لئے مسلسل کوشش کرتے رہیں۔انہیں امید ہے کہ اراکین اسمبلی کی ایسی کوششوں کی بدولت 2047تک یعنی ملک کی آزادی سو سال تک بہار انسانی ترقی کے پیمانوں پر ایک سرکردہ ریاست بن سکے گا۔ اس طرح ریاستی مقننہ کا یہ صد سال جشن حقیقی معنوں میں معنی خیز ثابت ہوگا۔ کووند نے کہاکہ انہیں یہ بار بار کہتے ہوئے فخر محسوس ہوتا ہے کہ بہار کی زمین دنیا کی پہلی جمہوریت کی زمین رہی ہے ۔ بھگوان بدھ نے دنیا کی ابتدائی جمہوریہ کو حکمت اور ہمدردی کی تعلیم دی تھی۔ساتھ ہی ان جمہوریوں کے جمہوری نظام کی بنیاد پر انہوں نے اپنے اتحاد کے قواعد وضع کئے تھے ۔ دستور ساز اسمبلی سے اپنی آخری تقریر میں بابا صاحب ڈاکٹر بھیم راو امبیڈکر نے واضح کیا تھا کہ بودھ مذہب کی انجمنوں کے کئی اصول آج کے پارلیمانی نظام میں بھی اسی شکل میں موجود ہیں۔ آج مہابودھی کا پودھا اسمبلی کمپلکس میں لگانے پر وہ خود کو خوش قسمت محسوس کررہے ہیں۔صدر جمہوریہ نے کہاکہ بھگوان بدھ، بھگوان مہاویر اور گرو گووند سنگھ کی روحانی دھاروں سے سیراب بہار کی زمین کا ان پر خصوصی آشیرواد رہا ہے ۔یہاں گورنر کے طورپر انہیں عوام کی خدمت کرنے کا موقع ملا اور اسی مدت کار کے دوران صدر کے عہدہ کے لے منتخب ہوکر اس عہدہ کی آئینی ذمہ داریوں کی ادائیگی کا موقع بھی حاصل ہوا۔ یہ باصلاحیت لوگوں کی بھی زمین ہے ۔ اب اسے آگے بڑھانے کی ذمہ داری آپ پر اور بہار کے تمام باشندوں کی ہے ۔