عوام فرقہ پرست طاقتوں کو شکست دیں : فاروق عبداللہ

   

سرینگر: جموں وکشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر فاروق عبداللہ نے منگل کے روز کہاکہ ہمیں متحد ہوکر اُن فرقہ پرست طاقتوں کو اپنے قیمتوں ووٹوں سے شکست دینی ہوگی ، جو ملک کے سالمیت ،مذہبی ہم آہنگی اور آپسی بھائی چارے کو پارہ پارہ کرنے پر تلے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی کی حمایت یافتہ پارٹیوں سے لوگوں کو ہوشیار رہنے کی ضرورت ہے ۔ ان باتوں کا اظہارموصوف نے پارٹی ہیڈکوارٹر اقلیتی سیل کے یک روزہ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ جو لوگوں کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے پر تلے ہوئے ہیں، وہ صرف ایک دھرم کی بات کرتے ہیں، جبکہ ملک میں ان گنت مذاہب سے تعلق رکھنے والے لوگ آباد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی ایک مذہب نے ملک کی آزادی کیلئے نہیں لڑا بلکہ ہر ایک نے اپنا کردار ادا کیا۔ تاریخ گواہ ہے کہ مسلمانوں انگریز سامراج کیخلاف جنگ آزادی میں سب سے زیادہ قربانیاں دیں۔ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں کے عزائم ٹھیک نہیں ہیں، یہ ملک کی جمہوریت اور ملک کے آئین کے خاتمے پر تُلے ہوئے ہیں، اس کے پیش نظر میں ملک کے تمام محب وطن عوام سے اپیل کرتا ہوں کہ اُن تمام اُمیدواروں کی کامیابی کو یقینی بنائیں جو انڈیا الائنس کے تحت ملک کے آئین، جمہوریت، سیکولر کردار اور مذہبی رواداری کوتحفظ فراہم کرنا چاہتے ہیں۔