عیدالاضحی کیلئے موثر انتظامات کرنے کی ہدایت

   

تہوار کو پرامن ماحول میں منانے کیلئے تعاون پر زور ، جگتیال میں اجلاس ، کلکٹر کا خطاب
جگتیال :ضلع کلکٹر جی روی نے عہدیداروں کو ہدایت دی ہے کہ مسلمانوں کے سب سے اہم تہواروں میں سے ایک عیدالاضحٰی کے موقع پر بنا کسی مسائل کے تمام انتظامات کو موثر طور پر روبہ عمل لائیں۔انھوں نے دفتر ضلع کلکٹر کے کانفرنس ہال میں ضلع کے مسلم مذہبی رہنماؤں، میونسپل، پنچایت اور پولس کے عہدیداروں کے ساتھ ایک ہم آہنگی کے اجلاس کا انعقاد عمل میں لایا۔اس موقع پر ضلع کلکٹر نے کہا کہ 10 جولائی کو ہونے والے بقرعید کییے صرف ویٹرنری ڈپارٹمنٹ سے تصدیق شدہ جانور ہی استعمال کیے جائیں، صرف حکام سے تصدیق شدہ جانور ہی گاڑیوں سے ایک علاقے سے دوسرے علاقے میں منتقل کیے جائیں۔ گاڑیوں میں حد سے زائد تعداد میں مویشیوںکو منتقل نہ کیا جائے۔ ضلع میں چیک پوسٹ بھی قائم کئے گئے ہیں جہاں صرف ان لوگوں کیلئے ہی منتقلی کی منظوری عطا کی جائے گی جن کے پاس عہدیداروں کے ذریعہ تصدیق شدہ دستاویزات ہوں۔ضلع کلکٹر نے ہدایت دی کہ ہر فرد کیلئے ضروری ہیکہ تہوار کو پرامن ماحول میں منانے کیلئے اپنا بھر پور تعاون کریں، مسلخ خانوں میں صفائی کے کارکنوں کے ذریعہ باقاعدگی سے صفائی کروائی جائے اور جانوروں کے فاضل مادوں کو کھلے عام پھینکنے کے بجائے صرف سیاہ پلاسٹک کی تھیلیوں میں ڈالا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں سب ڈویژنل افسران کا تقرر کیا جائے گا اور غیر قانونی طور پر افواہیں پھیلا نے والے افراد اور شکایات پیش کرنے کے باوجود مناسب ردعمل نہ کرنے والے عہدیداروں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔انہوں نے ہدایت دی کہ وہ سوشل میڈیا پر آنے والے پیغامات کی حقیقت کو جاننے کی کوشش کریں، عجلت سے کام نہ لیا جائے۔محکمہ مویشی پالن کے عہدیداروں کی جانب سے جانورتصدیق شدہ ہوں۔ انہوں نے مشورہ دیا کہ مسلخ خانوں پر موجود ہر شخص کو سماجی فاصلہ برقرار رکھنا چاہیے اور ماسک پہننا چاہئے اور حکام کو چاہیے کہ وہ سلاٹر ہاؤس کے منتظمین کو اس بات سے آگاہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ میونسپل اور گرام پنچایتوں کے افسران اور عملہ تہوار کے اختتام تک صفائی کے خصوصی پروگرام انجام دیں۔