عید ، انعام و اکرام کا دن ، اسلام کی عظیم روایت کی علامت

   

عیدگاہ گنبدان قطب شاہی میں نماز عید الفطر ، مولانا سید متین علی شاہ قادری کا خطاب
حیدرآباد ۔ 4 ۔ مئی : ( پریس نوٹ ) : عید انعام و اکرام کا دن ہے ۔ اللہ تعالیٰ اہل ایمان کے لیے پروانہ مغفرت عطا فرماتا ہے ۔ عید تہذیب و شائستگی کا یوم مسرت ، اسلام کی عظمت و رفعت ، امت مسلمہ کے اتحاد و یگانگت اور اسلام کی مثالی اقدار اور عظیم روایات کی علامت ہے ۔ ان خیالات کا اظہار مولانا سید متین علی شاہ قادری ( خطیب عیدگاہ گنبدان قطب شاہی قلعہ گولکنڈہ ) نے کل عید کے کثیر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ رمضان المبارک کا حقیقی جذبہ کو برقرار رکھیں ۔ عبادات اور خیر خواہی کے سلسلہ کو جاری و ساری رکھیں ۔ عید کی خوشیںو میں غربا و مساکین کو بھی شامل کریں ۔ ضرورت مندوں کی مدد کرتے راہیں ۔ انہوں نے والدین پر زور دیا کہ وہ اپنی اولاد کی تربیت پر توجہ دیں ۔ فی زمانہ معاشرہ میں پھیل رہی برائیوں کی اہم وجہ اولاد کی مناسب تربیت نہ کرنے کا نتیجہ ہے ۔ مولانا متین علی شاہ نے کہا کہ صدقہ فطر کا مقصد ہمارے روزوں اور ماہ صیام کی کوتاہیوں کی تلافی ہوجائے اور ساتھ میں غربا کی حاجت کی تکمیل ہو تاکہ وہ بھی ہمارے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوں اور پوری امت واحدہ کا عملی نمونہ پیش کرے ۔ انہوں نے کہا کہ اس مرتبہ عید منا رہے ہیں لیکن دل جذبات سے لبریز ہے وجہ یہ ہے کہ ملک عجیب صورتحال سے دوچار ہے ۔ ابتداء میں الحاج غلام محی الدین خان پاشاہ صدر عیدگاہ نے مصلیوں کا خیر مقدم کیا اور نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ نیکی کے کاموں میں آگے آئیں اور عیدگاہ سے متعلق تمام امور اور کاموں کی تفصیلات پیش کی ۔ اس موقع پر آپسی اتحاد و اتفاق مسلمانوں کی سربلندی مسجد اقصیٰ ساری دنیا اور ملک میں امن و بھائی چارہ کے لیے دعا کی گئی ۔ جناب کوثر محی الدین کی راست نگرانی میں مختلف محکمہ جات، آبرسانی ، ٹرانسکو ، بلدیہ ، آر ٹی سی اور محکمہ پولیس کی جانب سے وسیع و عریض انتظامات عیدگاہ میں کئے گئے ۔ عزیز خان پٹھان ، حبیب زین العابدین ، حبیب صفی ، شکیل علی خاں ، عامر علی خاں ، امین پاشاہ ، ہارون فرحان اور دیگر نے انتظامات میں حصہ لیا ۔ آخر میں الیاس اکبر نے تمام کا شکریہ ادا کیا ۔ اس موقع پر گولکنڈہ ہاسپٹل کی جانب سے میڈیکل کیمپ لگایا گیا تھا اور مختلف مذاہب کے لوگوں نے مسلمانوں کو عید کی مبارکباد پیش کی ۔ عیدگاہ کے عہدیداروں کی گلپوشی کی اور مٹھائی کھلائی ۔ اس موقع پر گنگا جمنا تہذیب کے نظارے دیکھنے میں آئے ۔۔