حیدرآباد۔/20 جولائی، ( سیاست نیوز) مرکزی حکومت نے الزام عائد کیا کہ غریب کلیان اَنا یوجنا اسکیم پر عمل آوری میں تلنگانہ حکومت ناکام ہوچکی ہے اور اسکیم کیلئے مرکز سے حاصل کردہ 1.90 لاکھ میٹرک ٹن چاول مستحق غریبوں میں تقسیم نہیں کیا گیا۔ مرکزی وزارت سیول سپلائیز و عوامی تقسیم نے تلنگانہ سے چاول کی خریدی روکنے کے مسئلہ پر وضاحت کی ہے۔ عہدیداروں کا کہنا ہے کہ بے قاعدگیوں میں ملوث ملرس کے خلاف کارروائی میں تلنگانہ حکومت ناکام ہوچکی ہے جس کے نتیجہ میں مستحق افراد اسکیم کے فوائد سے محروم رہے۔ عہدیداروں نے بتایا کہ اسکیم کی ناکامی کے سبب مرکز نے سنٹرل پول کے تحت چاول کی خریدی کو روک دیا ہے۔ موجودہ صورتحال کیلئے تلنگانہ حکومت کو ذمہ دار قرار دیتے ہوئے عہدیداروں نے کہا کہ مرکزی حکومت کے عہدیداروں کے معائنہ کے دوران یہ انکشاف ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 40 ملرس نے 453896 چاول کے تھیلوں کو غائب کردیا ہے۔ 593 ملرس نے دھان کے تھیلوں کو ناکارہ بناتے ہوئے حقیقی صورتحال چھپانے کی کوشش کی ہے۔ مرکزی وزارت سیول سپلائیز نے ملرس کے خلاف عدم کارروائی پر ناراضگی جتائی ہے۔ تلنگانہ حکومت کو اس بارے میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کو رپورٹ پیش کرنی چاہیئے جس کے بعد سنٹرل پول کے تحت مرکزی حکومت چاول کی خریدی کے امکانات کا جائزہ لے گی۔ عہدیداروں کے مطابق اَنا یوجنا اسکیم کے تحت اپریل اور مئی کے درمیان تلنگانہ کو 1.90 لاکھ میٹرک ٹن چاول کا کوٹہ جاری کیا گیا۔ر