غریبوں کیلئے چاول کی سربراہی کا فوری آغاز کیا جائے

   

ہنمنت راؤ کا راشن دکانات کا معائنہ، تاخیر پر پونم پربھاکر کی تنقید

حیدرآباد۔/28مارچ، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کے ورکنگ پریسیڈنٹ پونم پربھاکر نے غریبوں کیلئے مفت چاول کی سربراہی میں تاخیر پر افسوس کا اظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ مرکز کی جانب سے چاول کی تقسیم کے اعلان کے بعد ریاست نے اپنے حصہ کی تقسیم کو روک دیا ہے تاکہ مرکز کے اناج کی حصولی کے بعد فیصلہ کیا جائے۔ پونم پربھاکر نے کہا کہ کورونا وائرس کے سبب لاک ڈاؤن سے متاثرہ غریب خاندانوں کو کے سی آر نے 12 کیلو چاول اور 1500 روپئے امداد کا اعلان کیا ہے۔ سفید راشن کارڈ ہولڈرس کیلئے اس پیاکیج کا اعلان کیا گیا جبکہ ریاستی وزیر جی کملاکر نے کریم نگر میں چاول کی تقسیم کے مرکز کا آغاز کیا۔ مرکز کی جانب سے چاول کی تقسیم کے اعلان کے بعد ریاست نے تقسیم کا عمل روک دیا ہے۔ انہوں نے چاول کی تقسیم فوری شروع کرنے کا مطالبہ کیا تاکہ غریب عوام کو فوری طور پر فائدہ پہنچے۔ اسی دوران سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے آج عنبرپیٹ کے مختلف علاقوں کا دورہ کرتے ہوئے غریب عوام سے ملاقات کی۔ انہوں نے وائیٹ راشن کارڈ ہولڈرس کو چاول کی تقسیم کا فوری آغاز کرنے کا مطالبہ کیا۔ راشن شاپس پر ہنمنت راؤ نے عوام سے ملاقات کی۔ چیف منسٹر نے چھ دن قبل راشن شاپس سے مفت چاول کی تقسیم کا اعلان کیا تھا لیکن ابھی تک سیول سپلائیز کی جانب سے چاول جاری نہیں ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عنبرپیٹ میں راشن دکانات کے روبرو عوام طویل قطار باندھے چاول کی تقسیم کا انتظار کررہے ہیں۔ ہنمنت راؤ نے چیف منسٹر سے مطالبہ کیا کہ وہ اس سلسلہ میں فوری ہدایات جاری کرتے ہوئے تقسیم کو یقینی بنائیں۔ ہنمنت راؤ نے کہاکہ لاک ڈاؤن کے نتیجہ میں غریب خاندان بالخصوص روزانہ کمائی کرنے والے افراد پریشان ہیں اور وہ فاقہ کشی پر مجبور ہوچکے ہیں۔ حکومت کو امدادی رقم اور چاول کی مقدار میں اضافہ کرنا چاہیئے۔ پیاکیج صرف وائیٹ راشن کارڈ ہولڈرس تک محدود نہ رہے بلکہ تمام غریبوں کو چاول اور رقم فراہم کی جائے۔