ورنگل میں بینک کی 10ویں جنرل باڈی میٹنگ کا انعقاد۔حضرت خسر و پاشاہ ،محمد خالد سعید اور دیگر کا خطاب
ورنگل9جولائی (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)جماعت اسلامی ہند کی جانب سے عوامی خدمت کے جذبے کے تحت چلائے جا رہے سیوا بینک کے ذریعے ضرورت مند افراد کو مختلف سماجی اور فلاحی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔ اس منصوبے کا مقصد معاشرے کے کمزور اور مستحق طبقات کی مدد کرنا اور بلا امتیاز انسانیت کی خدمت کو فروغ دینا ہے اور کاروباری و تاجران افراد کو سود کی لعنت سے بچانا ہے۔حضرت سید شاہ غلام افضل بیابانی الرفاعی المعروف خسرو پاشاہ سجادہ نشین بارگاہ افضلیہ قاضی پیٹ و ریاستی حج کمیٹی چیرمین حکومت تلنگانہ نے فائن کنونشن ہال ہنمکنڈہ میں منعقدہ ’ سیوا میچولی ایڈیڈ کو آپریٹیو کریڈیٹ سوسائٹی لمٹیڈ ورنگل ( سیوا بینک ) کی 10ویں سالانہ جنرل باڈی اجلاس میں بہ حیثیت مہمان خصوصی مخاطب کرتے ہوئے ان خیالات کا اظہار کیا۔جناب خالد سعید صدر سیوا بینک ورنگل نے پروگرام کی صدارت کی۔ پروگرام کا آغاز قرأت کلام پاک سے ہوا۔جناب وہاج الحق جماعت اسلامی نے پروگرام کی نظامت کی۔حضرت خسرو پاشاہ نے اپنا سلسلہ خطاب جاری رکھتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی ہند ہمیشہ مذہب، ذات اور برادری سے بالاتر ہو کر انسانیت کی خدمت کو اپنی بنیادی ذمہ داری سمجھتی ہے۔ انہوں نے مخیر حضرات سے اپیل کی کہ وہ اس فلاحی مشن میں بڑھ چڑھ کر تعاون کریں تاکہ زیادہ سے زیادہ مستحق افراد تک امداد پہنچائی جا سکے۔اس موقع پر جناب اقبال محی الدین ممتاز سی ای او ،سروتھ ریسرچ اینڈ ڈیولپمنٹ فائونڈیشن نے کہا کہ سیوا بینک کا آغاز صرف 1لاکھ روپئے سے کیا گیا تھا۔آج یہ ترقی پاکر 400کروڑ ہوئے ہیں۔جناب محمد خالد سعید صدر سیوا بینک ورنگل نے کہاکہ سود ایک انتہائی خطرناک لعنت ہے۔کئی کاروباری اور تجارتی افراد سود میں ملوث ہوکر اس سے نکل نہیں پارہے ہیں۔ایسے افراد کو بغیر سود کے لونس فراہم کرنا اور انہیں سود کی لعنت سے بچانا سیوا بینک کا اہم مقصد ہے۔صوبیداری برانچ بی ایم سی صدر جناب محمد خیر الناصرین نے افتتاحی کلمات پیش کئے۔ورنگل برانچ بی ایم سی صدر جناب عبدالحنان نے ایک سالہ رپورٹ پیش کی۔جناب خیر الناصرین نے اظہار تشکر پیش کیا۔اس موقع پر محبوب آباد برانچ بی ایم سی عبدالرحیم کے علاوہ جناب سید دستگیر ،جناب خواجہ نجم الدین کے علاوہ سیوا بینک کے منیجرس ،اسٹاف ،اراکین اور ممبران کی کثیر تعداد موجود تھی۔