غزہ میں بین الاقوامی پروٹیکشن فورس تعینات کی جائے: پاکستان

   

نیویارک:پاکستان نے غزہ میں بین الاقوامی پروٹیکشن فورس تعینات کرنے کا مطالبہ کردیا۔اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی سے خطاب میں وزیر خارجہ پاکستان شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ آج اقوام عالم ایک اہم نکتے پر کھڑی ہیں، اسرائیل نے معصوم فلسطینیوں پر مظالم کی انتہا کر دی، اسرائیلی ظلم کی وجہ سے درجنوں فلسطینی شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے، 50 ہزار فلسطینی بے گھر ہو چکے ہیں۔شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ کو فوری طور پرغزہ کیلیے امدادی سامان کو یقینی بنانا چاہیے اور مصرکوسرحد کھولنی چاہیے، پاکستان غزہ کیبحران پر عالمی کانفرنس بلانے کے صدر محمود عباس کے مطالبے کی حمایت کرتا ہے، اقوام متحدہ کی ذمہ داری ہے کہ وہ اسرائیلی بربریت پر واضح اور ٹھوس مؤقف اختیار کرے ،اسرائیلی جارحیت کا فوری خاتمہ عالمی برادری کی پہلی ترجیح ہونی چاہیے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ غرور اور تکبر سے بھرے اسرائیل نے غزہ پر فضائی حملے جاری رکھے ہوئے ہیں، اسرائیل کو جنگی جرائم کا مرتکب قرار دیا جائے اور مقبوضہ علاقوں کو خالی کرایا جائے،غزہ میں امدادی سامان کی ترسیل بھی یقینی بنائی جائے۔ان کا کہنا تھا کہ یہ جنگ غیر قانونی قابض اسرائیل اور نہتے فلسطینیوں کے درمیان ہے، ایک طرف جدید ترین قابض فوج ہے،دوسری طرف نہتے فلسطینی ہیں، آج ہم انسانی ہمدردی کے ناطے کچھ کرتے ہیں یا نہیں کرتے یہ تاریخ کا حصہ ہوگا، وقت آگیا ہے اب اسرائیلی مظالم روکنے کے لیے فوری اقدامات اٹھائے جائیں،پاکستان مسئلہ فلسطین کے پر امن حل کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔
فوری جنگ بندی کیلئے اقوام متحدہ سربراہ کی اپیل
دریں اثناء یو این سکریٹری جنرل انٹینیو گوٹیرس نے جنرل اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے اسرائیل ۔ فلسطین مسئلہ کے تمام فریقوں سے اپنے ہتھیار ڈال دینے کی اپیل کی ہے ۔ انہوں نے جمعرات کو اپنے خطاب میں حماس اور دیگر مسلح گروپوں سے اپیل کی کہ اسرائیل میں راکٹ داغنے کا سلسلہ بند کیا جائے ۔ انہوں نے اسرائیل سے بھی اپیل کی کہ وہ بین الاقوامی قوانین کی پاسداری کرے اور طاقت کے بیجا استعمال سے گریز کرے ۔