غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے کی منظوری

   

تل ابیب : اسرائیل کی سکیورٹی کابینہ نے غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے کی منظوری دیتے ہوئے جنگ روکنے اور حماس کے زیر حراست یرغمالیوں کی محفوظ واپسی کی امید کو ختم کر دیا۔ غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق غزہ میں فوجی آپریشن کو وسعت دینے کی منظوری کا فیصلہ اسرائیلی وزیر اعظم نیتن یاہو اور فوجی سربراہ لیفٹیننٹ جنرل ایال ضمیر کے رواں ہفتے دیے گئے بیان کے بعد سامنے آیا ہے جس میں انہوں نے اشارہ دیا تھا کہ غزہ میں مہم کو تیز کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ اسرائیل اور حماس کے درمیان مارچ میں جنگ بندی کے پہلے معاہدے کے خاتمہ کے بعد سے اسرائیلی فوجی غزہ میں بفر زون قائم کر رہے ہیں جبکہ انسانی امداد سے لدے ٹرکوں کا داخلہ بھی بند کر رکھا ہے ۔ میڈیا نے ایک اسرائیلی حکام کا بیان جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا کہ جب تک حماس یرغمالیوں کو رہا نہیں کرتی ہم اپنی فوجی کارروائی کو نمایاں طور پر مزید بڑھائیں گے ۔