بیروت: غزہ پٹی میں بے گھر فلسطینیوں کی شمال کی جانب واپسی کا سلسلہ آج دوسرے روز بھی جاری ہے۔ حماس تنظیم نے تصدیق کی ہے کہ اس کی گنتی کے مطابق گذشتہ روز تقریبا تین لاکھ بے گھر فلسطینیوں کی غزہ کی پٹی کے شمال میں اپنے گھروں کو واپسی ہوئی۔ادھر غزہ میں سرکاری انفارمیشن بیورو کے سربراہ نے بتایا ہیکہ واپس آنے والے 90% افراد اپنے گھروں سے محروم ہیں جو ان کا ٹھکانا بن سکیں۔ بیورو نے تصدیق کی ہیکہ غزہ کی پٹی کا شمالی حصہ بے گھر افراد کے استقبال کیلئے مطلوب انتظامات کے حوالے سے شدید کمی کا شکار ہے۔ بیورو نے فوری امداد پیش کرنے کی اپیل کی ہے جس میں واپس آنے والوں کے ٹھکانے کیلئے خیموں کی فراہمی شامل ہے۔اس وقت غزہ کی پٹی کا بڑا حصہ ملبے کا ڈھیر بن چکا ہے۔ انفارمیشن بیورو کے مطابق شمالی حصے میں واپس آنے والوں کو کم از کم 1.35 لاکھ خیموں کی ضرورت ہے۔ پیر کوغزہ پٹی کے شمال کی سمت آنے والے دونوں مرکز راستوں پر لاکھوں فلسطینیوں کا سیلاب نظر آیا۔ یہ لوگ کئی ماہ تک عارضی پناہ گاہوں میں رہنے کے بعد خوشی اور خوف کے ملے جلے جذبات کے ساتھ واپس لوٹے۔