غزہ کیساتھ سرحدی دیوار مضبوط کرلی، مصر کا اسرائیل کو جواب

   

قاہرہ: مصر کی اسٹیٹ انفارمیشن سروس کی سربراہ ضیاء رشوان نے اعلان کیا ہے کہ حالیہ عرصے میں وزیر اعظم نتن یاہو کی قیادت میں اسرائیلی حکام کے متعدد ایسے بیانات سامنے آئے ہیں جن میں مصر کے خلاف جھوٹے دعوے اور الزامات لگائے گئے ہیں۔رشوان نے کہا کہ مصر سے غزہ کی پٹی میں کئی راستوں سے ہتھیاروں، دھماکہ خیز مواد، گولہ بارود اور ان کے اجزا کی اسمگلنگ کی کارروائیوں کے الزامات لگائے گئے ہیں۔ ان بیانات میں سرحد کے دونوں طرف سرنگوں کی موجودگی کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔ رشوان نے کہا یاد رکھیں مصر کو اپنی سرزمین پر مکمل خودمختاری حاصل ہے اور اس کا غزہ یا اسرائیل کے ساتھ اپنی پوری شمال مشرقی سرحد پر مکمل کنٹرول ہے۔ انہوں نے کہا 1500 سے زیادہ سرنگیں تباہ ہو چکی ہیں اور غزہ کی پٹی کے ساتھ سرحدی دیوار کو مضبوط کیا جا رہا ہے۔قبل ازیں مصری وزیر خارجہ سامح شکری نے غزہ میں شہریوں کے خلاف اسرائیلی حملوں کو روکنے، یہاں مکمل امداد پہنچانے اور مغربی کنارے میں اسرائیلی آباد کاروں کے تشدد کو روکنے کا بھی مطالبہ کیا ہے۔ مصری وزارت خارجہ کے ایک بیان کے مطابق انہوں نے یہ بات مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں انسانی حقوق سے متعلق اقوام متحدہ کی نمائندہ فرانسسکا البانیس سے ملاقات میں کی ہے۔واضح رہے غزہ میں فلسطینی محکمہ صحت نے جنگ کے آغاز کے 199 ویں دن بتایا کہ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران اسرائیلی فوج نے جارحیت کے دوران مزید 54 فلسطینیوں کو شہید کرکے شہدا کی تعداد 34151 کردی ہے۔ اسرائیل نے ان 199 دنوں کے اندر 24 لاکھ میں سے 17 لاکھ اہالیان غزہ کو بے گھر کردیا ہے۔ دوسری طرف اسرائیلی فورسز نے سات اکتوبر سے اب تک مغربی کنارے اور مشرقی القدس میں 8425 فلسطینیوں کو گرفتار کرلیا ہے۔ اس لڑائی میں اسرائیل کے 604 سکیورٹی اہلکار ہلاک ہو چکے اور 3211 زخمی بھی ہوئے ہیں۔