غزہ کے بچوں، بزرگ افراد کے ساتھ تضحیک آمیز رویہ

   

تل ابیب: اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے غزہ کے نوجوان اور بزرگ سمیت بچوں کے ساتھ تضحیک آمیز رویے کی ایک اور فوٹیج منظر عام پر آگئی ہے۔ مشرقی وسطیٰ کی صورتحال پر نظر رکھنے والی ویب سائٹ مڈل ایسٹ کے مطابق یہ ویڈیو مبینہ طور پر اسرائیلی فوٹو جرنلسٹ کی جانب سے جاری کی گئی ہے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہیکہ غزہ کے ایک اسٹیڈیم میں درجنوں فلسطینیوں کو برہنہ کرکے اسرائیلی فوجی انہیں قطار میں کھڑا کرنے کی ہدایات دے رہے ہیں۔ درجنوں فلسطینیوں میں نوجوان اور بزرگ سمیت بچے بھی شامل ہیں جن کے ہاتھ کمر کے پیچھے باندھ دیے گئے ہیں۔
رپورٹس میں بتایا جارہا ہے کہ اسرائیلی فورسز نے کھلے میدان میں جانے سے قبل فلسطینی نوجوان، بزرگ اور بچوں کو مبینہ طور پر بدسلوکی کا نشانہ بنایا۔ویڈیو فوٹیج میں دکھایا گیا ہے کہ اسرائیلی فوجی اپنی بندوقیں حراست میں لیے گئے فلسطینیوں کی طرف اشارہ کرتے ہیں، جنہیں مخصوص علاقوں میں بیٹھنے سے پہلے اپنے ہاتھ ہوا میں بلند کیے میدان میں داخل ہوتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے ۔رپورٹ کے مطابق یورو میڈ ہیومن رائٹس مانیٹر نے 20 دسمبر کو کہا تھا کہ اسرائیلی فوج عام شہریوں کے گھر چھاپے ماررہی ہے جس کے بعد انہیں حراست میں لے کر ذہنی اور جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ اسرائیلی فوجیوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر ویڈیو شیئرکی گئی ہیں جس میں انہیں غزہ کے خالی میدانوں میں کھیلتے ، گنگناتے اور رقص کرتے دیکھا جا سکتا ہے ۔