غوث نگر میں برقی شاک کا المناک واقعہ

   

میاں بیوی ہلاک، علاقہ میں غم کی لہر، بچے یتیم ہوگئے
حیدرآباد ۔ 9 ستمبر (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ میں پیش آئے برقی شاک کے المناک واقعہ میں میاں بیوی ہلاک ہوگئے۔ بیوی کو بچانے کی کوشش میں شوہر بھی ہلاک ہوگیا۔ اس واقعہ سے غوث نگر علاقہ میں غم کی لہر دوڑ گئی۔ مقام واردات پر دلخراش مناظر اور کمسن بچوں کی حالت کو دیکھ کر مقامی عوام بھی غمزدہ ہوگئے۔ اس افسوسناک واقعہ کے بعد بنڈلہ گوڑہ پولیس مقام واردات پہنچی اور متوفی میاں بیوی کی نعشوں کو ہاسپٹل منتقل کیا۔ متوفی میاں بیوی کی شناخت تنویراحمد اور شاکرہ بیگم کی حیثیت سے کرلی گئی۔ تنویراحمد پیشہ سے کنٹراکٹر تھے جو اپنی شاکرہ بیگم اور تین بچوں کے ہمراہ غوث نگر علاقہ میں رہتے تھے۔ اس خاندان کا تعلق ریاست مہاراشٹرا کے عمرگاہ سے بتایا گیا ہے۔ انسپکٹر بنڈلہ گوڑہ شاکر علی نے تنویر احمد کے مکان پہنچ کر ضابطہ کی کارروائی کی اور مقدمہ درج کرلیا۔ بتایا جاتا ہیکہ آج شاکرہ بیگم روزانہ کے معمول کے مطابق اپنے مکان میں پانی بھرنے کی کوشش کررہی تھی، پانی کی موٹر سے جڑا ہوا برقی تار ٹوٹا ہوا تھا جو سمپ کے ڈھکن سے جڑ گیا۔ شاکرہ بیگم پانی بھرنے کی فکر میں اس پر غور نہیں کیا اور انہوں نے موٹر کے سوئچ کو آن کردیا۔ اس دوران شاکرہ بیگم برقی شاک کی زد میں آگئیں۔ بیوی کو برقی شاک کی زد میں دیکھ کر تنویر احمد نے بیوی کو بچانے کی کوشش کی اور اس دوران دونوں میاں بیوی برقی شاک کی زد میں آکر فوت ہوگئے۔ تنویراحمد کے تین بچے ایک لڑکا اور دو لڑکیاں ہیں۔ پولیس بنڈلہ گوڑہ نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا اور مصروف تحقیقات ہے۔ع