غیر مسلمین کو اپنی تقاریب میں مدعو کرکے اسلام سے واقف کروائیں

   


گجویل میں جلسہ فیضان غوث اعظم ؒ سے مولانا عبدالحمید رحمانی کا خطاب

گجویل : اولیاء اللہ نے اپنی زندگی کو خدمت خلق کیلئے وقف کردیا تھا جن کی روزمرہ کی مصروفیات ذکر الٰہی کے ساتھ بھٹکی ہوئی انسانیت کو راہِ راست پر لانا، ظلم و زیادتی کے خاتمہ کے ساتھ اللہ وحدہ کی تعلیمات کو بندگان خدا تک پہنچاتے ہوئے اولیاء اللہ نے انسانیت کی وہ عظیم خدمات انجام دیں جن، آج بھی ان کے دنیا سے جانے کے بعد ان کے آستانے اور ان کے نام پر ہزاروں عاشقان اولیاء اپنے اطمینان قلب کیلئے ان اولیاء کرام کے اقوال اور ان کی تعلیمات سے استفادہ کرتے ہوئے تسکین قلب حاصل کرتے ہیں۔ مجید پلی گجویل میں جلسہ فیضان غوث اعظم دستگیر ؒ سے مخاطب کرتے ہوئے مولانا محمد عبدالحمید رحمانی چشتی صدر تنظیم اصلاح معاشرہ حیدرآباد نے کہا کہ حضرت سیدنا شیخ عبدالقادر جیلانی ؒ نے اللہ اور اس کے رسول ؐ کے نام پر لوگوں کی خدمت اور کھانا کھلاتے رہے،اس لئے کہ اللہ کے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ بھوکوں کو کھانا کھلانے کا عمل اسلام کا حصہ ہے۔ حدیث پاک کا مفہوم ہے کہ صحابہ کرامؓ نے عرض کیا بہترین اسلام کیا ہے، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بھوکوں کو کھلانا ۔ ہر خانقاہ میں لنگر کا اہتمام ہوتا ہے اور آپس میں محبت کیلئے ایک دوسرے کو دعوت دینے سے نفرتیں ختم ہوتی ہیں۔ آج ہمارے ملک میں برادران وطن کو اپنی دعوتوں میں بلا کر انہیں عزت واکرام دیں ، ان کے دلوں کو جیتنے کی کوشش کریں۔ انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام نے برادران وطن سے محبت کرتے ہوئے بلا لحاظ مذہب و ملت روحانی خدمات انجام دیتے ہوئے اپنے اخلاق حمیدہ کے ذریعہ ہندوستان کی سرزمین کو مساجد و خانقاہوں ، آستانوں سے آباد کیا ۔لیکن بڑے افسوس کی بات ہے کہ ان کے پیروکار جن کے ذمہ مسند و ارشاد و سجادگی آئی ہے وہ ان اسلاف کی تعلیمات کو پھیلانے میں ناکام نظر آرہے ہیں۔ اس کی اہم وجہ یہ ہے کہ اہل اللہ غرباء و مساکین سے محبت کئے۔ موجودہ دور میں ان کے جانشین رئیس و امراء سے محبت کررہے ہیں۔ جلسہ کی نگرانی سید عاقد غوری نیر قادری صدر ساؤتھ انڈیا ہیومن رائیٹس پروٹیکشن اسوسی ایشن نے کی۔ سرپرستی شاہ سید خالد غوری نے کی۔ جلسہ کا آغاز قاری نصیر الدین چشتی ( حیدرآباد ) کی قرأت کلام پاک سے ہوا ہوا۔ جناب سلمان قادری ، بابر غوری قادری، مولانا شمس الدین قادری نے ہدیہ نعت پیش کیا۔