غیر موسمی بارش سے فصلوں کو نقصان، امداد کیلئے محمد علی شبیر کا تیقن

   

کاما ریڈی کے مختلف علاقوں میں نقصانات کا جائزہ ، دھان ، مکئی ، ہلدی اور مرچ کی فصلیں تباہ
حیدرآباد ۔ 18 ۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ حکومت کے مشیر برائے اقلیت و کمزور طبقات محمد علی شبیر نے غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے سبب فصلوں کو بھاری نقصان سے متاثرہ کسانوں کو حکومت کی جانب سے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ۔ محمد علی شبیر نے کاما ریڈی ضلع کے نرسنا پلی اور دومکنڈہ ، بھکنور اور راجم پیٹ منڈلوں کے مختلف مواضعات دورہ کرتے ہوئے متاثرہ فصلوں کا معائنہ کیا اور کسانوں سے نقصانات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ گزشتہ دو دن سے غیر موسمی بارش اور ژالہ باری کے نتیجہ میں دھان ، مرچ ، آم ، مکئی اور ہلدی کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔ انہوں نے کسانوں کو بھروسہ دلایا کہ وہ نقصانات کے سبب دلبرداشتہ نہ ہوں کیونکہ کانگریس حکومت موافق کسان ہے اور بحران کے موقع پر کسانوں کی ہر ممکن مدد کیلئے تیار ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نقصانات کا جائزہ لینے کیلئے عہدیداروں کی ٹیموں کو متاثرہ علاقہ روانہ کیا جائے گا اور ان کی رپورٹ کی بنیاد پر امداد منظور کی جائے گی۔ انہوں نے کسانوں کے ساتھ ہر ممکن انصاف کا بھروسہ دلایا۔ محمد علی شبیر نے میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ سابق بی آر ایس حکومت نے کسانوں کو نظر انداز کردیا تھا ۔ جب کبھی فصلوں کو نقصان ہوا ، کسانوں کی مدد نہیں کی گئی اور نہ ہی فصلوں کو انشورنس فراہم کیا گیا ۔ سابق حکومت کے دور میں کسانوں کی خودکشی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔ انہوں نے کسانوںکو تیقن دیا کہ وہ نقصانات کی تفصیلات سے چیف منسٹر ریونت ریڈی کو واقف کرائیں گے اور مناسب معاوضہ منظور کیا جائے گا ۔ محمد علی شبیر نے منڈل اور مواضعات کی سطح پر سروے کرنے پارٹی قائدین کو ہدایت دی تاکہ کوئی بھی متاثرہ کسان امداد سے محروم نہ رہے۔ اس موقع پر صدر ضلع کانگریس کمیٹی کاما ریڈی کے سرینواس راؤ اور دوسرے موجود تھے۔ 1