پیرس۔ 26 جون (ایجنسیز) فرانسیسی صدر ایمانویل میکرون نے اسرائیلی وزیراعظم بنجامن نیتن یاہو سے گفتگو کی اور اس پر زور دیا کہ اسرائیل اور ایران دونوں کو حالیہ فائر بندی کے معاہدے کا احترام کرنا چاہیے۔میکرون نے مزید کہا کہ انہوں نے نیتن یاہو پر واضح کیا کہ غزہ میں بھی جنگ بندی کے کسی معاہدے تک پہنچنا ضروری ہے۔ اسرائیل اور ایران کے درمیان 13 جون سے شروع ہونے والی جھڑپیں 12 روز تک جاری رہیں۔ اس دوران اسرائیل نے ایران کے فوجی اور جوہری مراکز، میزائل لانچنگ پلیٹ فارمز پر حملے کیے، جبکہ کئی اعلیٰ فوجی کمانڈروں اور جوہری سائنسدانوں کو نشانہ بنایا گیا۔دوسری جانب ایران نے بھی کئی اسرائیلی علاقوں پر میزائل اور ڈرون حملے کئے۔
اس کشیدگی میں امریکہ بھی شامل ہوا اور اس نے ہفتے کی شب ایران کی تین جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان پر فضائی حملے کیے۔اس کے جواب میں تہران نے قطر اور عراق میں قائم فوجی اڈوں کو نشانہ بنایا، تاہم کسی جانی نقصان کی اطلاع نہیں ملی۔ بعد ازاں منگل کے روز امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ نے فائر بندی کا اعلان کر دیا۔