فائنل کی شکست کو بھول جانا مشکل

   

نئی دہلی۔ ہندوستانی ہاکی ٹیم کے اسٹار ڈریگ فلکر ہرمن پریت سنگھ نے کہا ہے کہ کامن ویلتھ گیمز کے فائنل میں آسٹریلیا سے شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے لیکن ٹیم کو آگے بڑھنا ہوگا۔آسٹریلیا نے ہندوستان کو 7۔ 0 سے شکست دے کر گولڈ میڈل جیتا ہے ۔ہندوستانی نائب کپتان نے ہاکی انڈیا کی طرف سے جاری کردہ ایک ریلیز میں کہا اتنے بڑے فرق سے شکست کو ہضم کرنا مشکل ہے۔ جیسا کہ ہیڈ کوچ نے کہا ہے، ہم توانائی اور رفتار میں آسٹریلیا جیسی ٹیم کا مقابلہ نہیں کر سکتے۔ ہم ہر میچ کا جائزہ لیں گے جب ہم دو ہفتوں کے بعد کیمپ میں واپس آئیں گے اور نئے سرے سے آغاز کریں گے۔ہرمن پریت نے ٹورنمنٹ میں نو گول کیے اور سب سے زیادہ گول کرنے والوں کی فہرست میں ویلز کے جیرتھ فرلانگ کے پیچھے دوسرے نمبر پر رہے۔انہوں نے کہاذاتی طور پر میرے لیے یہ مقابلے اچھے رہے ہیں۔ کورونا کی وبا کے بعد پہلی بار ہم اتنے تماشائیوں کے سامنے کھیل رہے تھے اور بہت سے ہندوستانی بھی میچ دیکھنے آئے تھے۔