ساری ذمہ داری میری، اسمبلی میں مباحث کیلئے 15 دن تک سیشن چلانے کا حکومت کو چیلنج
حیدرآباد ۔ 17 ۔ ڈسمبر (سیاست نیوز) فارمولہ ای کار ریسنگ کیس میں کے ٹی آر کی مشکلات میں ا ضافہ ہورہا ہے اور بی آر ایس کے حلقوں میں تشویش کی لہر ہے ۔ بتایا جارہا ہے کہ اے سی بی پوچھ تاچھ کیلئے کسی بھی وقت بی آر ایس کے ورکنگ پریسڈینٹ کے ٹی آر کو نوٹس دے سکتی ہے ۔ گورنر نے بھی اس معاملہ میں گرین سگنل دے دیا ہے ۔ کے ٹی آر کی امکانی گرفتاری پر سیاسی حلقوں میں گرما گرم مباحث جاری ہے ۔ دوسری طرف کے ٹی آر نے کسی بھی انکوائری کیلئے تیار رہنے کا اعلان کیا ۔ حیدرآباد کے برانڈ امیج کو بڑھانے کیلئے ای کار ریسنگ کا اہتمام کرنے کا انہوں نے دعویٰ کیا۔ کے ٹی آر نے کہا کہ اس کیس سے عہدیداروں کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ ساری ذمہ داری میری(کے ٹی آر)کی ہے ۔ حکومت انہیں گرفتار کرسکتی ہے ۔ چند سال جیل میں رہنے سے کیا ہوگا ؟کے ٹی آر نے استفسار کیا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ جیل میں یوگا کر کے فٹ ہوکر واپس آؤں گا۔ اس کے بعد پد یاترا کرتے ہوئے عوام کے درمیان جاؤں گا ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی اپوزیشن کا تعمیری رول ادا کرتے رہے گی اور عوامی مفادات کا مکمل تحفظ کرے گی ۔ عوامی مسائل کو ہر پلیٹ فارم پر اٹھاتے رہے گی ۔ کے ٹی آر نے کہا کہ بی آر ایس پارٹی حکومت کے غلط فیصلوں کی مخالفت کر رہی ہے ۔ اس لئے بی آر ایس قائدین کے خلاف جھوٹے مقدمات درج کرتے ہوئے سیاسی انتقام لیا جارہا ہے ۔ اس سے بی آر ایس پارٹی یا قائدین ہرگز خوفزدہ نہیں ہوں گے بلکہ اس کا ڈٹ کر مقابلہ کریں گے ۔ کے ٹی آر نے حکومت کو اسمبلی میں ای کار ریسنگ کے مسئلہ پر مباحث کرانے کا چیلنج کیا، ہمت ہے تو 15 دن اسمبلی کا سرمائی سیشن چلانے کا حکومت سے انہوں نے مطالبہ کیا۔2