فاروق عبداللہ جموں و کشمیر اتحاد کے سربراہ ، محبوبہ مفتی نائب قائد

,

   

سرینگر : جموں و کشمیر میں اصل دھارے کی سات سیاسی جماعتوں نے ہفتہ کو اپنے حالیہ طئے شدہ اتحاد کو باقاعدہ شکل دیتے ہوئے نیشنل کانفرنس کے فاروق عبداللہ کو اپنا چیرمین اور پی ڈی پی ٹی سربراہ محبوبہ مفتی کو وائس چیرپرسن منتخب کیا ہے۔یہ اتحاد دستور ہند کے آرٹیکل 370 کی بحالی کیلئے جستجو کرے گا ۔ نئے اتحاد نے ادعا کیا کہ اُن کا مقصد مخالف قوم گروپ تشکیل دینا نہیں ہے ۔ سینئر سی پی ایم لیڈر یوسف تریگامی کو کنوینر منتخب کیا گیا جبکہ رکن لوک سبھا (حلقہ جنوبی کشمیر) حسنین مسعودی اس سیاسی گروپ کے کوآرڈینیٹر رہیں گے ۔ اس اتحاد کو پیپلز الائینس فار گپکر ڈیکلریشن (پی اے جی ڈی) کا نام دیا گیا ہے ۔
سجاد غنی لون (پیپلز کانفرنس) اس اتحاد کے ترجمان ہوں گے ۔ محبوبہ مفتی کی قیامگاہ پر منعقدہ اجلاس کے بعد 84 سالہ فاروق عبداللہ نے کہا کہ اس اتحاد کا مشن جموں وکشمیر کیلئے خصوصی درجہ کو بحال کرنا ہے اور یہ اینٹی بی جے پی پلیٹ فارم یا مخالف قوم گروپ نہیں ہے ۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ پی اے جی ڈی کے مقاصد واضح ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی نے آرٹیکل 370 کی تنسیخ اور جموں و کشمیر ریاست کو دو مرکزی علاقوں میں تقسیم جیسے اقدامات کے ذریعہ وفاقی ڈھانچے کو توڑنے کی کوشش کی ہے ۔ صدر نیشنل کانفرنس نے کہا کہ ملک کے دستور کو برباد کرنے کی کوشش ہوئی ہے ۔ وہ جموں و کشمیر اور لداخ کے عوام کو مذہب کے نام پر تقسیم کرنے کوشاں ہیں ۔ تاہم ان کی کوشش کامیاب نہیں ہوگی ۔ یہ کوئی مذہبی لڑائی نہیں بلکہ یہ لڑائی ہماری شناحت کیلئے ہے اور اُس مخصوص شناخت کیلئے ہم ملکر کام کررہے ہیں ۔ میٹنگ کے بعد سجاد لون نے میڈیا کو بتایا کہ اس اتحاد کی تشکیل کے بعد پہلی مرتبہ میٹنگ ہوئی ہے اور ایک ماہ کے اندرون جموں و کشمیر میں آرٹیکل 370 کی تنسیخ کے بعد سے گزشتہ ایک سال کی حکمرانی کے بارے میں وائیٹ پیپر جاری کیا جائے گا ۔ وائیٹ پیپر میں لفاظی نہیں ہوگی ۔ اس میں حقائق اور اعداد و شمار کے ذریعہ جموں و کشمیر اور ملک بھر کے عوام کو حقیقت حال سے واقف کروایا جائے گا ۔