سری نگر، 27 مئی (یو این آئی) جموں و کشمیر نیشنل کانفرنس کے صدر اور سابق وزیر اعلیٰ ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے ملک بھر کے سیاحوں سے کشمیر کی سیر کرنے کی اپیل کی ہے تاکہ وہ یہاں کے پر سکون ماحول سے لطف اندوز ہوسکیں۔ انہوں نے کہا کہ شری امرناتھ جی یاترا بہت اہم ہے اور زیادہ سے زیادہ تعداد میں یاتریوں کو آکر یاترا کرنی چاہئے۔ انہوں نے ان باتوں کا اظہار پہلگام میں نامہ نگاروں کے ساتھ بات کرنے کے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ میں ملک بھر کے سیاحوں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ یہاں آئیں اور یہاں کے پر سکون ماحول سے لطف اٹھائیں، یہاں موسم اچھا ہے ، درجہ حرارت زیادہ نہیں ہے سیاح یہاں آئیں اور یہاں کی مہمان نوازی، خوبصورتی سے لطف اندوز ہوجائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ شری امرناتھ جی یاترا بہت اہم ہے ، زیادہ سے زیادہ یاتریوں کو یہاں آنا چاہئے ، بھولے ناتھ ان کا انتظار کر رہے ہیں۔ وفود کے مختلف ملکوں کے دورے کے بارے میں پوچھے جانے پر ڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا کہ ضروری تھا کہ ہم اپنی بات رکھیں۔ ہندوستان اور پاکستان کے درمیان بات چیت کے بارے پوچھے جانے پر ان کا کہنا تھا کہ فاروق عبداللہ جب بات چیت کی بات کرتا ہے تو اس پر الزامات لگ جاتے ہیں۔