فتح دروازہ میں پولیس کا کارڈن سرچ

   

موٹر سائیکلیں اور کاریں ضبط، روڈی شیٹرس گرفتار
حیدرآباد 4 فروری (سیاست نیوز) ساؤتھ زون پولیس نے پرانے شہر کے علاقہ فتح دروازہ، حسینی علم میں کارڈن سرچ آپریشن کیا جس میں کئی موٹر سائیکلوں اور کاروں کو ضبط کرلیا۔ ڈپٹی کمشنر پولیس ساؤتھ زون عنبر کشور جھا کی زیرنگرانی 300 پولیس ملازمین پر مشتمل پولیس کی ٹیموں نے حسینی علم، فتح دروازہ میں گھر گھر تلاشی مہم کی۔ جس کے دوران 130 موٹر سائیکلوں، 5 آٹوؤں اور ایک کار کو ضبط کرلیا جن کے دستاویزات موجود نہیں تھے۔ پولیس نے اِس آپریشن کے دوران 5 روڈی شیٹرس کو بھی حراست میں لے کر اُن کی کونسلنگ کی۔ کارڈن سرچ آپریشن کی تکمیل کے بعد ڈی سی پی عنبرکشور جھا نے کہاکہ آج شام 5.30 تا 7.30 بجے کارڈن سرچ آپریشن کیا گیا اور اِس کے ذریعہ اُنھوں نے عوام سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے علاقہ میں لاء اینڈ آرڈر سے متعلق مسائل کی سماعت کی۔ اُنھوں نے کہاکہ عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو اولین ترجیح دیں تاکہ اُن کا علاقہ محفوظ رہ سکے۔