پیرس: فرانس کے شہر نیس میں 2016 میں ٹرک حملے میں 86 افراد کو قتل کرنے کے الزام میں ایک فرانسیسی عدالت نے منگل کو آٹھ ملزمان کو سزا سنا دی۔ 31 سالہ تیونس سے تعلق رکھنے والے محمد لحویج بوہلال نے نیس میں 14 جولائی کو فرانس کی سالانہ تقریبات میں شرکت کرنے والوں پر ٹرک چڑھا دیا تھا۔ چار منٹ تک جاری رہنے والے حملے میں 86 افراد قتل اور 450 سے زائد افراد زخمی ہوگئے تھے، جس کے بعد حملہ آور پولیس کی گولی سے مارا گیا تھا۔ ان ملزمان میں سے دو افراد کو مرکزی ملزم محمد لحویج بوہلال کی مدد کرنے پر 18 سال قید کی سزا سنا دی۔ ججوں نے فیصلہ کیا کہ محمد غریب اور شکری شفرود کو حملہ آور کے دہشت گردانہ حملہ کرنے کی اس کی صلاحیت کے بارے میں معلوم ہو گا، کیونکہ قتل عام سے پہلے کے دنوں میں تینوں کے درمیان فون کالز اور ٹیکسٹ پیغامات کا ریکارڈ موجود تھا۔غریب اور تیونس کے 43 سالہ شکری شفرود پر بھی ڈلیوری ٹرک کرائے پر لینے میں مدد کرنے کا الزام ہے۔ ان دونوں نے الزامات کی تردید کی ہے۔