فرانس اولمپکس: سیکوریٹی کیلئے مصنوعی ذہانت ٹکنالوجی کا استعمال زیر غور

   

دوحہ : قطر ورلڈ کپ کا ہنگامہ ختم ہوا تو اب توجہ فرانس میں 2024کے اولمپکس کی جانب ہو گئی ہے۔ اور اولمپکس ہوں یا معمول کے مقابلے، کھیلوں کے تمام ایونٹس میں رونق اور گہما گہمی شائقین کی وجہ سے ہوتی ہے۔ مگر شائقین کا ہجوم کنٹرول کرنا بھی ضروری ہے۔ جمعرات کے روز خبر رساں ایجنسی اے ایف پی نے ایک قانونی مسودے کے حوالے سے بتایا ہے کہ فرانس کے حکام یہ منصوبہ بنا رہے ہیں کہ 2024 کے فرانس اولمپکس کے موقع پر ہجوم کو کنٹرول کرنے کے لیے اے آئی یعنی آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا استعمال کیا جائے اور ایک ایسا نظام وضع کیا جائے جو ہجوم پر نظر رکھ سکے۔ اس قانونی بل میں کہا گیا ہے کہ اس نظام کے ذریعہ سیکوریٹی سروسز کو کسی بھی قسم کی گڑبڑ یا کسی بھی ممکنہ مسئلے سے آسانی کے ساتھ نمٹنے میں مدد دی جاسکے گی۔ تاہم اس میں چہرے کی شناخت کی ٹیکنالوجی کا استعمال نہیں کیا جائے گا۔ اس ٹکنالوجی کا استعمال اولمپکس کی ایسی تقریباً میں سود مند ہو سکتا ہے جن میں فرانس کے خوبصورت دریائے سین کے کنارے کھلے میں کسی تقریب میں چھ لاکھ کا مجمع ہو اور اولمپئین کشتیوں میں دریا میں سامنے سے گزریں۔