فرضی این او سی :‘ وقف بورڈ لاء آفیسرسے تحویل میں پوچھ گچھ

   

حیدرآباد 17 فروری (سیاست نیوز) وقف بورڈ فرضی این او سی اسکام کی تحقیقات کررہی عابڈس پولیس نے بورڈ کے لاء آفیسر سلطان محی الدین کو تین دن کی پولیس تحویل میں لے لیا ہے۔ تحقیقات کے سلسلہ میں عابڈس پولیس کی ایک ٹیم نے لاء آفیسر کے مکان پر بھی دھاوا کیا ہے اور وہاں پر تلاشی لی ہے۔ پولیس نے سلطان محی الدین کی تین دن کی پولیس تحویل حاصل کرنے کے بعد تفتیش شروع کردی ہے جس میں یہ ظاہر ہوا ہے کہ فرضی این او سیز کی اجرائی کے لئے لاکھوں روپئے حاصل کئے گئے ہیں۔ باوثوق ذرائع نے بتایا کہ وقف بورڈ کے لاء آفیسر نے ایسے انکشافات کئے ہیں جس میں پولیس کو فرضی این او سی کیس میں مزید تحقیقات کے لئے مواد حاصل کیا ہے۔ اِسی دوران پولیس نے گزشتہ ہفتے اِس کیس کے دیگر دو ملزمین محمد ضیاء الدین اور محمد وہاج خان عرف شیر خان کو نادرگل وقف اراضی این او سی معاملے میں پی ٹی وارنٹ کے ذریعہ گرفتار کیا تھا۔ واضح رہے کہ 30 جنوری کو این او سی اسکام کے کلیدی ملزم محمد امتیاز نے نامپلی میٹرو پولیٹن کورٹ میں خودسپردگی اختیار کی تھی اور پولیس نے اُس کے انکشاف کے نتیجہ میں وقف بورڈ کے لاء آفیسر سلطان محی الدین کو گرفتار کیا تھا۔ تحقیقات کے دوران پولیس کو اِس بات کا پتہ چلا کہ گرفتار ملزمین منی کونڈہ وقف اراضی اسکام کے علاوہ 2017 ء میں نادرگل اور ملکاجگری کے فرضی این او سیز کی اجرائی میں بھی مبینہ طور پر ملوث ہیں۔