تفصیلات کا حصول‘ پنجاب پولیس اور این آئی اے کی مشترکہ کاروائی کا فیصلہ
چندی گڑھ: گذشتہ چند سالوں سے فرضی پاسپورٹ یا دیگر غیر قانونی طریقوں سے کناڈا، امریکہ اور دیگر یورپی ممالک میں مطلوب دہشت گردوں، گینگسٹروں، اسمگلرس اور انتہا پسندوں کے فرار ہونے کے 368 واقعات سامنے آئے ہیں۔ مرکزی وزارت داخلہ نے اب اس معاملے کی تحقیقات نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی (این آئی اے) کو سونپ دی ہے۔ اب این آئی اے اور پنجاب پولیس ان مجرموں کا سراغ لگانے کے لیے مشترکہ طور پر کام کریں گے۔ دھوکہ دہی سے بیرون ملک فرار ہونے والے زیادہ تر مجرموں کا تعلق پنجاب سے ہے اس لیے این آئی اے اور پنجاب پولیس نے ان مجرموں کی فہرست طلب کی ہے۔ پنجاب پولیس مختلف عدالتوں سے ایسے مجرموں کی معلومات بھی اکٹھا کرے گی۔معلومات کے مطابق مطلوب دہشت گرد، گینگسٹرز، اسمگلرز اور انتہا پسندوں نے کناڈا اور امریکہ پہنچنے کے لیے طالب علم یا وزیٹر ویزا حاصل کرنے کے لیے آسانی سے فرضی شناخت اور پاسپورٹ کا استعمال کیا ہے۔ وہ نہ صرف بیرون ملک پہنچ کر ہندوستان کے خلاف کام کرتے ہیں، بلکہ یہ دعویٰ کرتے ہوئے پناہ مانگتے ہیں کہ ہندوستان میں ان پر غیر منصفانہ ظلم کیا گیا ہے۔ حالیہ دنوں میں سب سے زیادہ چونکا دینے والے کیسوں میں سے ایک گینگسٹر اور سدھو موسے والا کے قتل کے ماسٹر مائنڈ لارنس بشنوئی کے چھوٹے بھائی انمول بشنوئی کا بیرون ملک بھاگ جانا تھا۔ 29 مئی 2022 کو موسے والا کے قتل سے صرف ایک ماہ قبل، انمول ایک اور مطلوب گینگسٹر سچن تھاپن کے ساتھ فرضی پاسپورٹ پر بیرون ملک فرار ہوگیا تھا۔سدھو موسے والا قتل کیس کے ماسٹر مائنڈ گولڈی برار نے اپنے خلاف 21 ایف آئی آر درج ہونے کے باوجود فرضی دستاویزات پر کینیڈا کا وزیٹر ویزا حاصل کیا تھا۔ جمعرات کو کینیڈا میں قتل ہونے والا بمبیہا گینگ کا سرغنہ سکھا دنکے وہاں وزیٹر ویزا پر گیا تھا۔ گینگسٹر ریڈیکل رمن جج بھی وزیٹر ویزا پر کینیڈا گیا تھا لیکن بعد میں ورک ویزا حاصل کرنے میں کامیاب ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ امریکہ میں کیلیفورنیا پنجاب کے گینگسٹروں کے ساتھ ساتھ خالصتانی کارندوں کے لیے ایک پسندیدہ چھپنے کی جگہ ہے۔ ابھی کل، این آئی اے نے 10 خالصتانیوں کی فہرست جاری کی جنہوں نے حال ہی میں سان فرانسسکو میں ہندوستانی قونصل خانے پر حملہ کیا تھا۔