فضائی حملے پرسیاست نہیں ہونی چاہئے : سلمان خورشید

   

ایٹہ۔ 5 مارچ (سیاست ڈاٹ کام)سابق مرکزی وزیر وکانگریس کے سینئرلیڈر سلمان خورشید نے کہا ہے کہ فضائیہ کے ذریعہ پاکستان میں دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر کی گئی ائیر اسٹرائیک پر کسی بھی قسم کی سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔مسٹر خورشید نے منگل کو یہاں صحافیوں سے کہا کہ پاکستان میں ہندوستانی فضائیہ کے ذریعہ کی گئی ائیر اسٹرائیک پر سیاست نہیں ہونی چاہئے ۔ انہوں نے اپنے پارٹی کے کارکنوں اور حامیوں سے بھی اپیل کی کہ اس معاملے پر عام بحث و مباحثہ نہیں ہونا چاہئے ۔ اس سے ملک کے باہر غلط پیغام جائے گا۔ ہمارا دشمن بھی سوچے گا کہ ہم آپس میں ایک نہیں ہیں۔ ائیر اسٹرائیک کے بارے میں کانگریس لیڈروں کے ذریعہ ثبوت مانگے جانے کے بارے میں پوچھے جانے پر انہوں نے کہا‘‘ میں مانتا ہوں کہ جمہوریت میں جو کچھ بھی ہوتاہے وہ بات کچھ حد تک ٹھیک ہے جو بھی حقیقت ہے وہ عوام کو بتایاجانا چاہئے ’’۔انہوں نے کہا‘‘ اس وقت ایسے سوال نہ پوچھیں تو اچھا ہے کیونکہ ایک سوال سے پچاس نئے سوال نکلتے ہیں لیکن اگر ان کے پاس(حکومت کے پاس) کوئی اطلاع ہے تو وہ بھی عوام کے سامنے آنی چاہئے ۔ دکھ اس بات کا ہے کہ برسراقتدا ر پارٹی کی جانب سے ہی یہ کوشش کی جارہی ہے کہ وہ اس کا سیاسی فائدہ اٹھائے ’’۔مسٹر خورشید نے بھارتیہ جنتا پارٹی( بی جے پی) کے خلاف ملک میں مشترکہ محاذ بنانے کا اشارہ دیتے ہوئے کہا کہ اس حکومت سے ہر کوئی پریشان ہے ۔ عوام چاہتے ہیں کہ ملک میں ایک سلجھی ہوئی حکومت ہونی چاہئے ۔ اس میں کس کی کتنی حصہ داری ہوگئی اور کتنا حق ہوگا یہ ہم آپس میں بیٹھ کر طے کرلیں گے ۔ ہم ایک مشترکہ کوشش کی طرف آگے بڑھ رہے ہیں۔ امید ہے کہ عوام کی بھی حمایت ملے گی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس اس کے لئے ہر بڑی قربانی دینے کو تیار ہے ۔