فلاحی کاموں میں سرگرم افراد کیلئے بھی امارات کا گولڈن ویزا

   

ابوظہبی: متحدہ عرب امارات کے نائب صدر شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے کہا ہے کہ دنیا کے کسی بھی ملک کے ایسے لوگ جو انسانیت نواز خدمات اور فلاحی کاموں میں سرگرم ہیں انہیں بھی گولڈن اقامہ دیا جائے گا۔ امارات کا یہ اقدام ان کی کاوشوں اور قربانیوں کا اعتراف ہے۔ الامارات الیوم کے مطابق شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے اس فیصلے کا اعلان انسانی خدمات کے بین الاقوامی دن کے موقع پر کیا ہے۔ پوری دنیا 19 اگست کو ہر سال انسانیت کا عالمی دن مناتی ہے۔ شیخ محمد بن راشد نے کہا کہ انسانی خدمات کے عالمی دن کے موقع پر انسانیت نواز ہیروز کے لیے اعزاز کا اعلان کر رہے ہیں۔ یہ وہ لوگ ہیں جو اپنی تمام توانائیاں ضرورت مندوں کی خدمت اور نادار معاشروں کی طرف دست تعاون کے لیے وقف کیے ہوئے ہیں۔ شیخ محمد بن راشد آل مکتوم نے مزید کہا کہ انسانیت نوازی کے قافلہ سالار ہی متحدہ عرب امارات کے حقیقی سفیر ہیں۔ یہ ایسے قابل قدر مثالی نمونے ہیں جن کی خدمات اور اقدامات پر ہمیں فخر ہے۔ امارات کی بنیاد خیرخواہی اور سخاوت پر قائم ہے۔ انہو ں نے کہاکہ آئندہ پچاس برس کے دوران ہم امارات کو دنیا کا سب سے موثر انسانیت نواز مرکز بناکر دم لیں گے۔