فلسطینیوں پر اسرائیلی بربریت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

,

   

حملے روکنے اقوام متحدہ مداخلت کرے، سی پی آئی قائد عزیز پاشاہ کا خطاب

حیدرآباد۔ فلسطینیوں پر اسرائیل کی بربریت اور مظالم کے خلاف آل انڈیا تنظیم انصاف اور آل انڈیا پیس اینڈ سالیڈاریٹی تنظیم کی جانب سے حمایت نگر میں احتجاجی مظاہرہ منظم کیا گیا ۔ مظاہرین نے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوںکو فوری روکنے اور مشرقی یروشلم کے دارالحکومت کے طور پر فلسطینیوں کے حق کو تسلیم کرنے کا مطالبہ کیا۔ احتجاجیوں نے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی طاقتوں سے مداخلت کی اپیل کی ہے ۔ سابق رکن راجیہ سبھا اور سی پی آئی کے سینئر لیڈر سید عزیز پاشاہ جو تنظیم انصاف کے صدر بھی ہیں، احتجاجیوں سے خطاب کیا ۔ انہوں نے کہا کہ فلسطینیوں پر اسرائیلی حملوں کا 10 مئی کو آغاز ہوا۔ حملوں میں خواتین اور بچوں کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جنگ میں خواتین اور بچوں کو نشانہ بنانے پر پابندی ہے لیکن خلاف ورزی کر رہا ہے ۔ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی ہدایت کے بعد اسرائیل کا جارحانہ رویہ برقرار ہے۔ اسرائیلی حملوں میں 2020 سے زائد افراد شہید ہوئے جن میں 62 کمسن بچے ہیں۔ غزہ شہر کو حملوں کے ذریعہ ملبہ میں تبدیل کردیا گیا اور ہر تین منٹ میں ایک فلسطینی شہید ہورہا ہے ۔ عزیز پاشاہ نے کہا کہ اسرائیلی فورسیس نے 10 رمضان کو مسجد اقصیٰ میں عبادت کرنے والے افراد کو نشانہ بنایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت فریقین کی جانب سے فوجی کارروائی کو روکنے کا مطالبہ کر رہی ہیں لیکن وہ مشرقی یروشلم کو فلسطین کا دارالحکومت بنانے کے مسئلہ پر خاموش ہیں۔ منموہن سنگھ حکومت نے نومبر2013 اور 2015 ء میں فلسطین کے حق کی تائید کی تھی ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ نریندر مودی حکومت فلسطینیوں کو دارالحکومت کے مسئلہ پر خاموش ہوچکی ہے۔ دنیا بھر کے امن کے علمبردار قائدین کو چاہئے کہ وہ حملوں کو روکنے کیلئے اسرائیل پر دباؤ بنائیں۔ احتجاجی مظاہرہ میں انصاف اور دیگر تنظیموں کے نمائندوں خلیل اللہ ، منان رضوی ، شیخ ندیم ، منیر پٹیل ، رمیش ، محمد قدیر ، ریاض ، ماجد علی خاں ، شیام سندر اور دوسروں نے حصہ لیا ۔