فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بیدخل نہیں کیا جاسکتا:محمود عباس

,

   

غزہ میں قیام امن کیلئے قاہرہ میںمنعقدہ کانفرنس سے صدر فلسطین کا خطاب

قاہرہ :فلسطینی صدر محمود عباس نے کہا ہے کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے دخل نہیں کیا جاسکتا۔ فلسطینی اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے۔مصر کے دارالحکومت قاہرہ میں غزہ میں قیام امن کیلئے منعقدہ کانفرنس سے اپنے خطاب میں فلسطینی صدر محمود عباس کا کہنا تھا کہ فلسطینیوں کو ان کی سرزمین سے بے گھر یا بے دخل نہیں کیا جاسکتا اور وہ اپنی سرزمین نہیں چھوڑیں گے اور اپنی سرزمین پر ہی رہیں گے۔ کانفرنس کے دوران اپنے خطاب میں اردن کے شاہ عبداللّٰہ نے فلسطینیوں کی جبری نقل مکانی کو جنگی جرم قرار دیتے ہوئے کہا کہ عرب دنیا جو پیغام سن رہی ہے وہ یہ ہے کہ فلسطینیوں کی زندگی کیا اسرائیلیوں سے کم اہمیت رکھتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ اسرائیل جان لے جو ریاست ناانصافی کی بنیاد پر قائم ہو وہ کبھی ترقی نہیں کر سکتی۔مصری صدر عبدالفتح السیسی کا کہنا تھا کہ مصر کے سینائی علاقے میں فلسطینیوں کی نقل مکانی کی وہ مخالفت کرتے ہیں۔ مسئلہ فلسطین کا حل نقل مکانی نہیں بلکہ انصاف کی فراہمی، فلسطینیوں کی جائز حقوق تک رسائی اور آزاد ریاست میں ہے۔قاہرہ میں امن کانفرنس سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے غزہ میں انسانی بنیادوں پر جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ غزہ میں جنگ بندی کیلئے عالمی سطح پر اقدامات کیے جائیں۔ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ نے ہزاروں افراد کو شہید اور 10 لاکھ فلسطینیوں کو بے گھر کر دیا ہے۔ غزہ کے 21 لاکھ افراد کیلئے 20 ٹرکوں کے مقابلے میں بہت زیادہ امدادی ٹرکس کی مسلسل فراہمی کی ضرورت ہے۔