فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریالی میں دھماکہ، 6 ہلاک

,

   

اسلام آباد: بلوچستان کے افغانستان کے ساتھ سرحدی شہر چمن میں بم دھماکے میں کم ازکم 6 افراد ہلاک جبکہ 12 زخمی ہوئے ہیں۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکہ چمن کے مرغی بازار میں نمازِ جمعہ کے بعد اس وقت ہوا جب جمعیت علماء اسلام (نظریاتی) کی فلسطینیوں کے حق میں ریلی نکالی جا رہی تھی۔دھماکے کے بعد علاقے کو سیکیورٹی فورسز نے گھیرے میں لے لیا۔ دوسری جانب ریسکیو ٹیموں نے زخمی افراد کو سول اسپتال چمن منتقل کیا۔ایک پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق دھماکہ خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب کیا تھا۔فلسطینیوں کے حق میں نکالی جانے والی ریلی میں جے یو آئی نظریاتی کے رہنما قادر لونی اور قاری مہر اللہ سمیت کئی اہم رہنما شریک تھے۔ البتہ رہنما اس واقعے میں محفوظ رہے۔بلوچستان کے وزیرِ داخلہ میر ضیا لانگو نے چمن میں ساجد خان مہمند روڈ پر دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متعلقہ حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی۔ ایک بیان میں میر ضیا لانگو نے ہدایت کی کہ زخمیوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کی جائیں۔