فلسطینی آزادی کے خواب نہ دیکھیں: بینی گینٹس

   

مقبوضہ بیت المقدس ۔ اسرائیلی وزیر دفاع بینی گینٹس نے کہا ہے کہ فلسطین کے مقبوضہ مغربی کنارے کے علاقوں میں قائم کی گئی یہودی کالونیاں ختم نہیں کی جائیں گی۔ ان کا کہنا تھا کہ 1967ء کی جنگ میں قبضے میں لیے گئے علاقوں میں قائم کی گئی بستیوں کو ختم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے فلسطینی صدر محمود عباس کومخاطب کرتے ہوئے کہا کہ وہ 1967ء کے علاقوں پرمشتمل فلسطینی ریاست کے قیام کے خواب نہ دیکھیں۔ فارن پالیسی میگزین کو دیے گئے انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ اسرائیل غرب اردن میں کوئی یہودی بستی ختم نہیں کرے گا، تاہم طویل المیعاد سیاسی نظام قائم کیا جاسکتا ہے۔ یاد رہے کہ بینی گینٹس نے گزشتہ ماہ فلسطینی صدر محمود عباس سے راملہ میں ملاقات کی تھی۔