فلسطین پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنلز میں داخل

   

دوحہ ۔ قطر میں جاری ایشین فٹبال کپ میں فلسطین نے ہانگ کانگ کو شکست دے کر پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی، یہ فلسطین کی ایشین کپ کی تاریخ میں پہلی فتح بھی ہے۔ تفصیلات کے مطابق فلسطین فٹبال ٹیم نے ہانگ کانگ کے خلاف شاندار کھیل پیش کیا اور میچ 3-0 سے جیت کر سب کو حیران کردیا۔ فلسطین کی جانب سے اودے دباغ نے2 اور زید قنبر نے ایک گول کیا، میچ میں کامیابی کے بعد فلسطین نے پہلی بار ایونٹ کے پری کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔ اگرچہ وہ گروپ سی میں دوسرا مقام حاصل نہیں کر پائے لیکن فلسطین اب بھی تیسرے نمبر پر آنے والی ٹاپ چار ٹیموں میں شامل ہے۔ فلسطینی فٹبال ٹیم کی یہ تاریخی فتح غزہ میں اسرائیل اور حماس کے درمیان جاری جنگ کے درمیان ہوئی ہے، اس جنگ میں فلسطینی کھلاڑیوں اور عملے نے اپنے پیاروں کو کھو دیا ہے۔ میچ سے پہلے ایک لمحے کی خاموشی اختیار کی گئی اور پھر ’فلسطین کو آزاد کرو‘ کے نعرے بھی لگائے گئے۔ تاریخی فتح کے بعد فلسطینی ٹیم کے کپتان مصعب البطات نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’فلسطین اور فلسطین کی قومی ٹیم کی حمایت کے لیے آنے والے مداحوں کا شکریہ۔ ہمارے دل سے آپ کا شکریہ۔ انہوں نے کہا کہ ہم لوگوں کے چہروں پر مسکراہٹ لانے کی پوری کوشش کریں گے۔دوسری جانب فٹبال ایشین کپ میں شام نے بھی ٹورنمنٹ کے ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر کے تاریخ رقم کر دی ہے۔