فلم اسٹار ناگرجنا کی جگن سے ملاقات،گنٹور سے مقابلہ کی قیاس آرائیاں

   

حیدرآباد ۔ 19۔ فروری (سیاست نیوز) فلم اسٹار اے ناگرجنا نے آج وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے سربراہ جگن موہن ریڈی سے ملاقات کی۔ دونوں کے درمیان نصف گھنٹے تک بات چیت رہی ۔ بعد میں ناگرجنا میڈیا سے بات چیت کئے بغیر ہی روانہ ہوگئے ۔ سیاسی حلقوں میں یہ اطلاعات گشت کر رہی ہے کہ ناگرجنا گنٹور سے انتخابات میں حصہ لیں گے۔ تاہم پارٹی یا ان کی جانب سے اس سلسلہ میں باقاعدہ کوئی اعلان نہیں کیا گیا ۔ جگن اور ناگر جنا کے درمیان طویل عرصہ سے قربت پائی جاتی ہے ۔ ناگرجنا نے کبھی بھی سیاسی معاملات میں کوئی خاص دلچسپی نہیں دکھائی ۔ تاہم آج کی ملاقات کے بعد سیاسی حلقوں میں مختلف قیاس آرائیاں کی جارہی ہیں۔ پون کلیان کی مقبولیت کو دیکھتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس ، ناگرجنا کے فلمی گلیمر کا سہارا لے سکتی ہے۔