فلک نما ایکسپریس ٹرین میں شارٹ سرکٹ سے آگ لگنے کا واقعہ

   

چار بوگیاں جل کر خاکستر، کوئی جانی نقصان نہیں، چند ٹرینوں کو منسوخ کردیا گیا

حیدرآباد۔/7 جولائی، ( سیاست نیوز) یادادری بھونگیر ضلع بی بی نگر ۔ نڈی کوڈاروٹ پر فلک نما ایکسپریس ٹرین میں شارٹ سرکٹ کی وجہ آگ لگنے سے 4 بوگیاں جلکر خاکستر ہوگئیں اور 2 کو جزوی طور پر نقصان ہوا۔ تمام مسافرین محفوظ رہنے پر ضلع انتظامیہ اور ریلوے حکام نے اطمینان کا اظہار کیا، اور حادثہ کی تحقیقات کروانے کا اعلان کیا۔ اطلاعات کے بموجب فلک نما ایکسپریس ٹرین جوکہ ہاوڑہ سے سکندرآباد آرہی تھی کہ بگڈی پلی۔ بومائی پلی کے درمیان اچانک آگ لگ گئی S4 بوگی میں لگی اور دیکھتے ہی دیکھتے 7،6،5،4، 3،S2 تک پھیل گئی۔ ایک مسافر نے حاضر دماغی سے کام لیتے ہوئے ٹرین کی زنجیر کھینچی اور ٹرین کو ڈرائیور نے فوری روک دیا اور تمام مسافرین فوری ٹرین سے اُتر گئے اور اطراف و اکناف کی عوام کے علاوہ اقلیتی اقامتی اسکول بھونگیر کے طلباء اور اسٹاف نے بھی جائے مقام پہنچ کر تمام مسافرین کو بحفاظت نیچے اُتارلیا۔ اسی اثناء آگ پر قابو پانے کیلئے فائر بریگیڈس بھی پہنچ گئے۔ حادثہ دن کے وقت ہونے کی وجہ راحت کاری بروقت ملنے پر ایک بڑے نقصان سے بچا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ S4 بوگی میں چارجنگ پوائنٹ پر سگریٹ جلانے کی وجہ ہوسکتی ہے۔ مسافرین میں خوف و ہراسانی کا ماحول دکھائی دے رہا تھا۔ اطلاع پر فوری ضلع کلکٹر بھونگیر محترمہ پامیلا شویتی نے جائے حادثہ پر پہنچ کر راحت کاری اور مسافرین کو بذریعہ بس سکندرآباد ریلوے اسٹیشن روانہ کرنے کے اقدامات کئے۔ تمام مسافرین کو محفوظ طور پر سکندرآباد روانہ کردیا گیا۔ مسافرین و راحت کاری عملے کو اقلیتی اقامتی اسکول میں کچھ دیر بٹھایا گیا تھا۔ مسافرین اپنے ضروری کاغذات اور سامان نذرآتش ہونے پر اشکبار تھے۔ ریلوے حکام نے اس روٹ پر چلنے والی ٹرینوں کا رُخ موڑ دیا اور چند ٹرینوں کو منسوخ کردیاگیا۔