فون ٹیاپنگ اسکام کے اہم ملزم پربھاکر راؤ کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ اپریل (سیاست نیوز) تلنگانہ پولیس نے اسٹیٹ انٹلیجنس بیورو کے سابق سربراہ کے پربھاکر راؤ کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کی ہے۔ فون ٹیاپنگ اسکام میں پربھاکر راؤ اہم ملزم ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب کسی عہدیدار یا سیاستداں کے خلاف ریڈ کارنر نوٹس جاری کی گئی ۔ فون ٹیاپنگ اسکام میں گرفتارکئے گئے چار سابق پولیس عہدیداروں نے پربھاکر راؤ کا نام پیش کیا تھا جن کے اشارہ پر ٹیاپنگ کی گئی۔ تحقیقاتی ٹیم کی قیادت ایس ایم وجئے کمار ڈی سی پی ویسٹ زون کر رہے ہیں اور وہ مختلف ملزمین سے تفتیش کرچکے ہیں۔ پربھاکر راؤ اس وقت تروپتی میں تھے جب خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے پرنیت راؤ کو گرفتار کیا تھا ۔ پرنیت راؤ کو سرسلہ ضلع سے گرفتار کیا گیا۔ باوثوق ذرائع کے مطابق پربھاکر راؤ نے ڈسمبر کے پہلے ہفتہ میں رادھا کشن اور پرنیت راؤ کو ایس آئی بی کے حیدرآباد ، ورنگل اور سرسلہ کے دفاتر میں موجود ٹکنیکل شواہد کو تباہ کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ 4 ڈسمبر تک 70 فیصد سے زائد ٹکنیکل شواہد تباہ کردیئے گئے ۔ بعد میں پربھاکر راؤ امریکہ منتقل ہوگئے۔ ان کا موبائیل نمبر بند بتایا جاتا ہے۔ تحقیقاتی ٹیم نے ٹکنیکل شواہد کو دوبارہ بازیافت کرلیا ہے اور پربھاکر راؤ کی گرفتاری کے لئے ریڈ کارنر نوٹس جاری کی گئی ۔ 1