حیدرآباد۔/27 جولائی، ( سیاست نیوز) کانگریس پارٹی نے فہرست رائے دہندگان سے ناموں کے اخراج اور ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے مسئلہ پر کُل جماعتی اجلاس طلب کرنے کا مطالبہ کیا۔ پردیش کانگریس کمیٹی کے نائب صدر جی نرنجن نے چیف الیکٹورل آفیسر وکاس راج کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیف الیکٹورل آفیسر نے یکساں طور پر انٹری کی بنیاد پر 10 لاکھ سے زائد ناموں کو حذف کرنے کا اعلان کیا ہے۔ اس کے علاوہ یکم اگسٹ سے ووٹر شناختی کارڈ کو آدھار سے مربوط کرنے کے کام کا آغاز ہوگا۔ چیف الیکٹورل آفیسر کو چاہیئے کہ وہ اس مہم کے بارے میں سیاسی جماعتوں کو واقف کرائے۔ انہوں نے کہا کہ بوتھ سطح کے عہدیدار اپنی ذمہ داری نبھانے میں ناکام رہے ہیں۔ چیف الیکٹورل آفیسر نے ماتحت عہدیداروں کی رپورٹ کی بنیاد پر ناموں کو حذف کرنے کا فیصلہ کیا ہے حالانکہ بنیادی سطح پر اس کی جانچ نہیں کی گئی۔ عہدیداروں کو فیلڈ لیول جانچ کرنی چاہیئے تھی۔ کُل جماعتی اجلاس کے نتیجہ میں ناموں کو حذف کرنے کے معاملہ میں خامیوں کا پتہ چلے گا۔ر