واشنگٹن : سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک، انسٹاگرام اور واٹس ایپ کی پیرنٹ کمپنی میٹا نے اپنی ایک حالیہ رپورٹ میں الزام عائد کیا ہے کہ امریکی فوج نے وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں مہم کے لیے جعلی اکاؤنٹس کا استعمال کیا۔رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ امریکی فوج سے وابستہ افراد نے وسطی ایشیا اور مشرقِ وسطیٰ میں لوگوں کو نشانہ بنانے والے ’مربوط غیرمستند‘ اثر و رسوخ آپریشن کے طور پر سات سے زیادہ انٹرنیٹ سروسیز پر جعلی اکاؤنٹس بنائے۔میٹا نے کہا ہے کہ اگرچہ اس آپریشن کے پیچھے موجود لوگوں نے اپنی شناخت اور روابط چھپانے کی کوشش کی لیکن تحقیقات میں ان کے امریکی فوج سے وابستہ افراد سے رابطے پائے گئے۔وی او اے کی جانب سے اس معاملے پر امریکی محکمہ دفاع سے رائے لینے کی کوشش کی گئی تاہم چہارشنبہ کی رات تک اس پر کوئی جواب موصول نہیں ہوا۔البتہ محکمہ دفاع نے بی بی سی نیوز کو بتایا کہ وہ میٹا کی جانب سے شائع کردہ رپورٹ سے باخبر تھے۔ محکمہ نے کہا کہ اس وقت وہ رپورٹ پر یا رپورٹ کے نتیجے میں محکمہ کی جانب سے کسی ممکنہ کارروائی پر مزید تبصرہ نہیں کرنا چاہتے۔اپنی رپورٹ میں میٹا نے کہا کہ اس نے 39 فیس بک اور 26 انسٹاگرام اکاؤنٹس کو ہٹا دیا جو افغانستان، الجیریا، ایران، عراق، قازقستان، کرغزستان، روس، صومالیہ، شام، تاجکستان، ازبکستان اور یمن جیسے ممالک پر مرکوز مربوط مہم کا حصہ تھے۔