فیفا ورلڈکپ: کینیڈا راؤنڈ آف 16 میں پہنچنے والی پہلی ٹیم

   

آج اس مرحلہ کے تین اہم مقابلے‘مراقش اور نیدرلینڈ میں دلچسپ ٹکراؤ کی توقع
واشنگٹن۔29؍جون ( ایجنسیز )فیفا ورلڈکپ کے راؤنڈ آف تھرٹی ٹو میں کینیڈا نے جنوبی افریقہ کو ایک صفر سے شکست دے دی۔جنوبی افریقہ کو شکست دینے کے بعد کینیڈا راؤنڈ آف سکسٹین میں پہنچنے والی پہلی ٹیم بن گئی۔ کینیڈا کی ٹیم میگا ایونٹ کی تاریخ میں پہلی مرتبہ پری کوارٹر فائنل میں پہنچی ہے۔فیفا ورلڈ کپ 2026 کا گروپ مرحلہ ختم ہو چکا ہے اور اسی کے ساتھ ناک آؤٹ کی جنگ یعنی ’راؤنڈ آف 32‘ کی تصویر صاف ہوتے ہی ٹورنمنٹ اہم اور دلچسپ مرحلہ میں داخل ہوگیا ہے ایک معمولی بھول چوک ٹیم کو باہر کرسکتی ہے اور ایک بھی غلطی کسی بھی ٹیم کا ورلڈ کپ جیتنے کا خواب توڑ سکتی ہے۔ اس راؤنڈ میں مجموعی طور پر 16 مقابلے کھیلے جائیں گے اور ان 16 میچوں کی فاتح ٹیمیں اگلے راؤنڈ کے لیے کوالیفائی کریں گی۔ یعنی اس راؤنڈ میں 16 ٹیموں کا خطاب جیتنے کا خواب ٹوٹ جائے گا جو اس مرحلہ میں ہار نے پر ٹورنمنٹ سے باہر ہوجائیں گی ۔اس راونڈ کے پہلے مقابلہ میں کینیڈا نے جنوبی افریقہ کو ایک گول سے شکست دے دی جو میاچ کے آخری لمحات میں بنایا گیا جس کے بعد جنوبی افریقہ کو سنبھلنے کا موقع نہیں ملا ۔ یہ پہلا موقع ہے جب کینیڈا ٹورنمنٹ کے پری کوارٹر فائنل مرحلہ میں پہنچی ہے۔اس مرحلہ کا منگل کومقابلہ طاقتور جرمنی اور پیرا گوئے کے درمیان ہوگا جبکہ ایک اور مقابلہ مراقش اورنیدرلینڈز میں ہوگا ۔ایوری کوسٹ اور ناروے میں بھی منگل کوہی مقابلہ طے ہے۔قابل ذکر ہے کہ اس گروپ مرحلے میں ہیوی ویٹ فرانس، ورلڈ چمپئن ارجنٹینا اور میزبان میکسیکو ہی صرف ایسی ٹیمیں رہیں جنہوں نے اپنے تمام گروپ میچ جیت کر پرفیکٹ ریکارڈ کے ساتھ ناک آؤٹ میں قدم رکھا ہے۔ دوسری طرف ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا الٹ پھیر گروپ۔ایچ میں دیکھنے کو ملا جہاں سابق ورلڈ چمپئن یوراگوئے کی ٹیم گروپ اسٹیج سے ہی باہر ہو گئی۔ اس گروپ سے اسپین کے ساتھ ورلڈ کپ میں پہلی بار قدم رکھنے والے چھوٹے سے ملک کیپ ورڈے نے تاریخ رقم کرتے ہوئے ناک آؤٹ راؤنڈ کیلئے کوالیفائی کیا۔