فیفا کی شرائط پر انتخابات کروانے کیلئے تیار:اے آئی ایف ایف

   

نئی دہلی۔ فیفا کی جانب سے پابندی عائد کیے جانے کے چند گھنٹے بعد کمیٹی آف ایڈمنسٹریٹرز (سی او اے) نے عالمی فٹ بال کی سب سے بڑی تنظیم کی شرائط کے مطابق آل انڈیا فٹ بال فیڈریشن (اے آئی ایف ایف) کے انتخابات کرانے پر اتفاق کیا ہے۔ ہندوستان کو ایک جھٹکا دیتے ہوئے فیفا نے منگل کو تیسرے فریق کی غیر ضروری مداخلت کا حوالہ دیتے ہوئیاے آئی ایف ایف کو معطل کردیا اور11 سے 30 اکتوبر تک ہونے والے انڈر17 ویمنز ورلڈ کپ کی میزبانی کے حقوق چھین لیے۔اس پیشرفت سے باخبر ذرائع نے بتایا کہ پابندی صرف مختصر وقت کے لیے ہو سکتی ہے کیونکہ سپریم کورٹ کی طرف سے مقررکردہ ایڈمنسٹریٹرزکی کمیٹی انتخابات اور نئے آئین کے حوالے سے فیفا کی تقریباً تمام شرائط کی پابندی کرنے کے لیے تیار ہے۔ اس لیے انڈر17 ویمنز ورلڈ کپ اب ہندوستان میں منعقد ہو سکتا ہے۔ ایک اعلی ذریعہ نے پی ٹی آئی کو بتایا حکام محسوس کررہے ہیں کہ پابندی صرف مختصر وقت کے لئے ہوگی اور انتخابات 28 اگست کو نہیں بلکہ 15 ستمبر (فیفا کی آخری تاریخ) سے پہلے ہوں گے۔ کمیٹی فیفا کی شرائط کے مطابق انتخابات کروانے پر راضی ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سی او اے کو فیفا کی پابندی کی ابھی تک توقع نہیں تھی کیونکہ وہ عالمی ادارہ کی ضروریات کے مطابق آگے بڑھنے کے لیے تیار تھا۔ہندوستانی فٹ بال برادری چہارشنبہ کو سپریم کورٹ کی سماعت کے فیصلے کا انتظار کر رہی ہے۔ذرائع نے بتایا کہ سی او اے،فیفا اور وزارت کھیل نے ریاستی انجمنوں کے نمائندوں پر مشتمل الیکٹورل کالج کے ساتھ اے آئی ایف ایف کے انتخابات کروانے پر اتفاق کیا ہے۔