حیدرآباد 6 ستمبر (سیاست نیوز) گنیش چتورتھی کی تقریبات اور گنیش مورتی وسرجن کے انتظامات کے پیش نظر فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ کے کمشنر ڈاکٹر ترون جوشی آئی پی ایس نے سخت حفاظتی رہنما خطوط اور آپریشنل تیاری کے اقدامات کا اعلان کیا۔ منتظمین کو گنیش پنڈالوں کی حفاظت، برقی وائرنگ کا مناسب انتظام، تربیت یافتہ رضاکاروں کی تعیناتی اور ہنگامی خدمات میں رکاوٹ نہ بننے والے انتظامات کو یقینی بنانا چاہئے۔ جلوسوں کو منظور شدہ راستوں اور اوقات کی پیروی کرنا چاہئے۔ اوور ہیڈ برقی تاروں سے محفوظ فاصلہ برقرار رکھنا چاہئے اور قابل اطلاق شور کنٹرول ضوابط کی تعمیل کرنی چاہئے اور ساتھ ہی ڈی جے سسٹمز کا استعمال کرنا منع ہے۔ فیوچر سٹی پولیس کمشنریٹ اہم مقامات پر اہلکاروں کو تعینات کرے گا۔ باقاعدہ گشت کرے گا۔ جلوس کے راستوں کی نگرانی کرے گا اور ٹریفک اور ہجوم کے انتظامات کو مربوط کرے گا۔ سی پی نے کہاکہ مختلف محکموں کے ساتھ تال میل، مقررہ وسرجن پوائنٹس پر لائٹنگ، بیریکیڈز اور کرینس دستیاب کرائی جائے گی۔ ایمرجنسی ریسپانس ٹیمیں اور نامزد پولیس کوآرڈی نیشن سنٹرس تقریبات کے دوران کام کرتے رہیں گے۔ سی پی نے تمام پولیس محکموں کو ہدایت دی کہ وہ تیار رہیں اور اس بات کو یقینی بنائیں کہ گنیش چتورتھی کی تقریبات اور گنیش مورتی وسرجن کو محفوظ طریقے سے اور منظم طریقے سے انجام دیا جائے۔(ش؍V)