قازقستان اور تلگو ریاستوں کے درمیان تجارت کے فروغ کے بہتر مواقع

   

اعزازی کونسل قازقستان ڈاکٹر میر ناصر علی خاں کی تقریر
حیدرآباد: قازقستان کے اعزازی کونسل برائے تلنگانہ اور آندھراپردیش ڈاکٹر میر ناصر علی خاں نے کہا کہ حیدرآباد میں قائم کردہ کونسلیٹ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی اور باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں اہم رول ادا کرے گا۔ تلنگانہ اور آندھراپردیش کے تجارتی تعلقات کو قازقستان سے مزید بہتر بنانے کے اقدامات کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ اور آندھراپردیش سے برآمدات کو فروغ دینے کی مساعی کی جائے گی۔ قازقستان کا سفارتخانہ نئی دہلی میں واقع ہے جبکہ کونسلیٹ ممبئی ، چینائی ، کولکتہ اور احمد آباد میں قائم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان یورانیم اور آئیل امپورٹس پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ دونوں ممالک نے 300 ملین ڈالر کی برآمدات آئی ٹی اور فارماسیوٹیکل شعبہ میں ہے۔ ناصر علی خاں نے بتایا کہ قازقستان اور تلگو ریاستوں کے درمیان تجارت میں اضافہ کے بہتر مواقع موجود ہیں ۔ قازقستان تیزی سے ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور وہاں سرمایہ کاری کے بہتر مواقع ہیں۔ ہندوستانی صنعتکار اور کنٹراکٹرس اس موقع سے فائدہ اٹھاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد میڈیکل ہب کی طرح اپنی شناخت رکھتا ہے اور میڈیکل ٹورازم کے بہتر مواقع ہیں۔ انہوں نے کہا کہ قازقستان میں معیاری میڈیکل ایجوکیشن کیلئے طلبہ کو بہتر مواقع پائے جاتے ہیں۔ کونسلیٹ اس سلسلہ میں طلبہ کی رہنمائی کرے گا۔ قازقستان میں آئی ٹی پارکس کے قیام کے علاوہ زرعی پراڈکٹس اور غذائی اشیاء کے اکسپورٹ پر توجہ دی جاسکتی ہے۔