قدیم طریقہ کار سے رجسٹریشن سے 1000 کروڑ کی آمدنی، 10 ہزار کروڑ کا نشانہ

   


حیدرآباد: ریاستی حکومت کو غیر زرعی اراضیات اور جائیدادوںکے قدیم طریقہ کار سے رجسٹریشن کے نتیجہ میں تقریباً ایک ہزار کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ جاریہ ماہ یکم جنوری سے اب تک رجسٹریشن سے حکومت کو 565 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ جاریہ ماہ 86764 دستاویزات کا رجسٹریشن کیا گیا۔ جاریہ مالیاتی سال کے دوران 613352 دستاویزات کا رجسٹریشن ہوا جس کے نتیجہ میں حکومت کو 2855 کروڑ کی آمدنی ہوئی ۔ 21 ڈسمبر کو حکومت نے ہائی کورٹ کے احکامات کے بعد قدیم طریقہ کار سے رجسٹریشن شروع کیا تھا جس کے تحت قبل از وقت سلاٹ بک کرنے کے سسٹم کو ختم کردیا گیا تھا ۔ قدیم طریقہ کار سے رجسٹریشن کے نتیجہ میں حکومت کو مختصر مدت میں زائد آمدنی ہوئی ہے۔ رجسٹریشن کے سلسلہ میں حکومت کے نئے طریقہ کار اور دھرانی پورٹل کی تیاری کے نتیجہ میں کئی ماہ تک رجسٹریشن کا عمل رکا رہا۔ کورونا لاک ڈاؤن سے قبل عام دنوں میں رجسٹریشن کے نتیجہ میں روزانہ 500 تا 600 کروڑ کی آمدنی ہورہی تھی ۔ چہارشنبہ کے دن 6420 دستاویزات کا رجسٹریشن کیا گیا جس سے 34 کروڑ کی آمدنی ہوئی ہے۔ سرکاری خزانہ میں آمدنی کے لئے محکمہ اسٹامپ اینڈ رجسٹریشن اہم ذریعہ ہے۔ حکومت نے رجسٹریشن سے ایک سال کے دوران 10,000 کروڑ کی آمدنی کا نشانہ مقرر کیا تھا ۔ ذرائع نے بتایا کہ حکومت کی جانب سے شرائط میں نرمی کے بعد سے رجسٹریشن کا عمل تیز ہوا ہے۔