قرآنی احکامات کے خلاف قانون کو نہیں مانیں گے

,

   

اتراکھنڈ میں یکساں سیول کوڈ بل کی اسمبلی میں پیشکشی پر رکن پارلیمنٹ حسن کا ردعمل
دہرادون : اتراکھنڈ کے وزیراعلی پشکر سنگھ دھامی حکومت نے آج اسمبلی میں یکساں سول کوڈ بل پیش کردیا ہے۔ خود پشکر سنگھ دھامی نے یہ بل اسمبلی میں پیش کیا۔ جیسے ہی اسمبلی میں بل پیش ہوا، بی جے پی کے ارکان نے ’جے ایس آر‘ کے نعرے بلند کئے۔وہیں دوسری طرف سماج وادی پارٹی کے رکن پارلیمنٹ ایس ٹی حسن نے یو سی سی پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر یہ قرآن میں مسلمانوں کو دی گئی’ہدایت‘(ہدایات) کے خلاف ہے تو ہم اس (یو سی سی بل) کی پابندی نہیں کریں گے۔ اگر یہ ’ہدایت ‘کے مطابق ہے تو ہمیں کوئی مسئلہ نہیں ہے۔قبل ازیں یونیفارم سیول کوڈ بل اتراکھنڈ اسمبلی میں پیش کیا گیا ہے۔ اس کے بعد اپوزیشن اراکین اسمبلی نے نعرے بازی کی اور ایوان کی کارروائی دو بجے تک ملتوی کر دی گئی۔ اس سے قبل یہ بل اتوار کو کابینہ نے منظور کیا تھا۔ اتراکھنڈ ملک کی پہلی ریاست بن جائے گی، جہاں یکساں سیول کوڈ نافذ کیا جائے گا۔یو سی سی پر، اتراکھنڈ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر یشپال آریہ نے کہا کہ ہم اس (یکساں سیول کوڈ) کیخلاف نہیں ہیں۔ ایوان کا نظم و نسق کے قوانین کے تحت ہوتا ہے، لیکن بی جے پی اسے مسلسل نظر انداز کر رہی ہے ۔یو سی سی بل پر، اتراکھنڈ کے سابق وزیر اعلی اور کانگریس لیڈر ہریش راوت نے کہا کہ ریاستی حکومت اور وزیر اعلیٰ اسے منظور کروانے کیلئے بہت بے تاب ہیں اور قواعد پر عمل نہیں کیا جا رہا ہے۔ مرکزی حکومت اتراکھنڈ جیسی حساس ریاست کو علامتی طور پر استعمال کر رہی ہے۔ اگر وہ یو سی سی لانا چاہتے ہیں تو اسے مرکزی حکومت کو لانا چاہئے تھا۔