قرآن کو سمجھنے کیلئے صاحبِ قرآن نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے محبت لازمی

   

لیلۃ القدر کانفرنس علامہ احمد رضا منظری، علامہ صغیر رضا قادری، علامہ سید شاہ عبدالمعز حسینی شرفی کے خطابات

حیدرآباد۔/7 اپریل، ( راست ) قرآن مجید ایسی آسمانی کتاب ہے جس کو رب تعالیٰ نے اپنے محبوب نبی و پیغمبر حضور اکرم محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم پر نازل فرمایا، اور نبی پاکؐ سے رب تعالیٰ کی محبت کی انتہا یہ ہے کہ اسے اپنے محبوب ؐ کی زبان ’عربی ‘ میں نازل فرمایا، اور تو اور اس عظیم قرآن مجید کو اپنے محبوب ؐ کی پیاری اُمت کے مہینے رمضان المبارک میں شب قدر کی مبارک رات جس رات کو ہزار مہینوں سے افضل قرار دیا ہے اس رات میں اس کا نزول فرمایا اور اس ماہ مبارک کو کئی فضیلتوں کے ساتھ قرآن مجید کے نزول سے مزین فرماکر اُمت محمدیہ ؐ کی بخّش کے سامان مہیا فرمائے۔ اب کون سا ایسا بدنصیب شخص ہوگا جو ان عظمتوں والے مہینے میں اپنی بخشش نہ کروالے۔ ان خیالات کا اظہار کُل ہند مرکزی رحمت عالم کمیٹی کی لیلۃ القدر کانفرنس و تحفظ ناموس رسالتؐ 6 اپریل ہفتہ کو گورنمنٹ جونیر کالج گراؤنڈ چنچل گوڑہ سے بریلی شریف سے تشریف لائے مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ عالم دین علامہ محمد احمد رضا منظری نے کیا۔ محمد شاہد اقبال قادری (صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے مہمان مقررین کا پرجوش استقبال کیا۔ کانفرنس کی قیادت مولانا سید محمد رفیع الدین حسینی رضوی قادری شرفی، نگرانی جناب محمد شوکت علی صوفی، زیر حمایت مولانا محمد اخلاق اشرفی نے کی۔ مہمانان خصوصی کی حیثیت سے جناب محمد صدر الدین سراج قادری، ڈاکٹر حیدر یمنی، ڈاکٹر مجیب شاہد، ڈاکٹر محمد عظیم برکاتی (ایڈوکیٹ) ، ڈاکٹر سید خالد ، ڈاکٹر سید قمر قادری، ڈاکٹر غوث قادری، سید اعزاز محمد قادری نے شرکت کی۔ کانفرنس کا آغاز حافظ و قاری کلیم الدین حسان کی قر￿ت سے ہوا۔ بارگاہ رسالت مآبؐ میں معروف ثناء خوان رسول ملک محمد اسمعیل خاں، محمد یحییٰ محامد اخلاقی نے ہدیہ نعت پیش کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دوسرے مہمان مقرر عالمی شہرت یافتہ علامہ محمد صغیر رضا قادری ( بنارس ) نے کہا کہ عصر حاضر میں قوم مسلم کو قرآن کے پیغام کو سمجھنے اور دوسروں تک پہنچانے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید کا نزول جہاں ساری انسانیت کیلئے ہدایت ہے وہیں یہ شفاء ہے ، دوا ہے، نظام حیات و کائنات ہے، غرض دین اسلام کو سمجھنے کیلئے قرآن کو پڑھنا سمجھنا اور عمل کرنا ضروری ہے۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید شاہ عبدالمعز حسینی رضوی قادری شرفی نے کہا کہ رب تعالیٰ کا بڑا احسان ہے کہ اس نے ہمیں ماہ رمضان المبارک عطا فرمایا جس میں بندوں کی ہدایت و اصلاح تربیت و آخرت کی تیاری اور مغفرت و نجات کا سامان ہے اور اس ماہ مبارک کی فضیلت میں یہ بھی شامل ہے کہ اس میں قرآن مجید کا نزول ہوا۔ رب تعالیٰ نے اپنے محبوب محمد عربی صلی اللہ علیہ وسلم پر اس ماہ کی عظیم شب یعنی لیلۃ القدر میں قرآن پاک کو نازل فرمایا۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم خود بھی قرآن کو سمجھیں اور اپنی اولاد کو بھی قرآن کی تعلیم سے آراستہ کریں۔ آخر میں صلوٰۃ و سلام اور عالم اسلام کے مسلمانوں خصوصاً فلسطین کے مسلمانوں کیلئے رقت انگیز دعاء پر کانفرنس کا اختتام عمل میں آیا۔ کانفرنس سے مولانا حافظ و قاری محمد اقبال احمد رضوی القادری، مولانا ڈاکٹر محمد عبدالنعیم قادری نظامی ( نائب صدر رحمت عالم کمیٹی ) نے بھی خطاب کیا۔ مولانا ظہیر الدین رضوی، مولانا ماجد قادری نے شرکت کی۔ محمد عادل اشرفی، سید لئیق قادری، محمد عبدالکریم رضوی، سید طاہر حسین قادری، محمد عبیداللہ سعدی قادری شرفی، محمد علی رضوی، محمد فیصل خان نے انتظامات کئے۔